دہلی میں پٹرول 80 روپے فی لیٹر
نئی دہلی8ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور ڈالر کے مقابلے ہندوستانی کرنسی کی قدر میں کمی کے دباؤ سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے دام جمعہ کو بڑھ کر نئی اعلی ترین سطح پر پہنچ گئی۔ دہلی میں آج پٹرول کی قیمت 80 روپے فی لیٹر پر اور ممبئی میں 87 روپے فی لیٹر کے پار پہنچ گئی۔ پٹرول کی قیمت میں آج 49 پیسے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 52 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا۔
جمعرات کو پٹرول کی قیمتوں میں 20 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمتوں میں 21 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا تھا۔تیل کی مارکیٹنگ کے شعبے میں ملک کی سب سے بڑی کمپنی انڈین آئل کارپورشن لمیٹڈ کے مطابق جمعہ کو پٹرول کی قیمت 49 پیسے بڑھ کر دہلی میں 80.00 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ ڈیزل 52 پیسے کی برتری سے 72.07 روپے فی لیٹر ہو گیا۔ بھارت پیٹرولیم کے پمپوں پر پٹرول کی قیمت 80 روپے کے پار 80.05 روپے فی لیٹر ہو گئی۔
ملک کی تجارتی راجدھانی ممبئی میں دونوں ایندھنوں کی قیمت دیگر بڑے شہروں کے مقابلے سب سے زیادہ ہے۔ ممبئی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 87.39 روپے اور ڈیزل 76.51 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ چنئی اور کولکاتہ میں پٹرول کی قیمتیں بالترتیب 83.13 روپے اور 82.88 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہیں۔ آج کولکاتہ میں ڈیزل کی قیمت 74.92 روپے اور چنئی میں 76.17 روپے فی لیٹر ہے۔