پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اب صبح میں بدلیں گی
نئی دہلی، 16؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے نئے قانون کو جمعہ صبح6 بجے سے نافذ کر دیاہے ، اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت رات 12بجے نہیں، بلکہ صبح 6بجے بدلے گی ۔نئے قانون سے پٹرول پمپ مالکان انتہائی خوش ہیں۔ان کا خیال ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ بہت اچھا ہے، اس سے پٹرول پمپ مالکان کے ساتھ ہی عام لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا۔حالانکہ اس بارے میں انتہائی کم لوگوں کو معلومات ہے کہ ان کی بدلی ہوئے روزانہ کی قیمتوں سے کس طرح ا پ ڈیٹ رہا جائے؟ دہلی میں میور وہار پٹرول پمپ پر جب لوگوں سے نئے قانون کے بارے میں پوچھا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کی معلومات نہیں ہے، جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ وہ روزانہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کی معلومات سے کس طرح اپ ڈیٹ رہیں گے؟ تو انہوں نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ ان کو خود نہیں پتہ کہ وہ اس سے کس طرح اپ ڈیٹ رہیں گے۔ایسے میں اب سوال یہ اٹھ رہے ہیں کہ اگر قومی دارالحکومت دہلی میں یہ حال ہے تو دور دراز کے گاؤں میں کیا ہوگا؟ دہلی میں لوگوں کو اس بات کی معلومات نہیں ہے کہ آج سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں روزانہ بدلیں گی ۔حالانکہ یہ نیا قانون ملک کے 58ہزار پٹرول پمپوں پر لاگو ہو گیا ہے۔