عمر اکمل کو میچ فکسنگ معاملے میں پی سی بی نے بھیجا نوٹس
کراچی،25؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان کے بلے باز عمر اکمل کو 2015ورلڈ کپ میں روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ فکسنگ کے لئے رابطہ کئے جانے کی کوشش کی اطلاع نہیں دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے وجہ بتاو نوٹس جاری کیا ہے۔پی سی بی کی اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو )نے اس سلسلے میں اکمل سے 27جون سے پہلے پیش ہونے کے لئے کہا ہے۔ٹیم سے باہر چل رہے اکمل نے الزام لگایا تھا کہ کئی بار ان سے میچ فکسنگ کے لئے رابطہ کیا گیا اور یہ دھمکی بھی دی گئی تھی کہ اگر وہ فکسنگ نہیں کرتے تو ٹیم سے باہر بیٹھنے کے لئے تیار رہیں۔ایک انٹرویو میں 28 سالہ اکمل نے کہاکہ وہ کبھی بھی اپنے ملک کو نیچا نہیں دکھا سکتے۔پی سی بی کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ عمر کو اے سی یو کے سامنے پیش ہوکر اپنی رائے واضح کرنے کے لئے کہا گیا ہے کیونکہ بورڈ کی اجازت کے بغیر کھلاڑیوں کو حساس معاملے پر عوامی طور پر بیان دینے پر منع کیا ہے۔