پٹنہ :ریل حادثے میں طالب علم کی موت، مشتعل ہجوم نے ساؤتھ بہار ایکسپریس میں لگائی آگ
پٹنہ، 23؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دارالحکومت پٹنہ کے راجندر نگر ٹرمینل کے پاس ساؤتھ بہارایکسپریس سے کٹ کر جمعہ کی رات ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔اس کے بعد ناراض ہجوم نے جم کرہنگامہ کیا اور ٹرین میں آگ لگا دی۔جائے حادثہ پر زبردست کشیدگی ہے ۔موصولہ اطلا ع کے مطابق راجندر نگر ٹرمینل سے ٹرین کے کھلتے ہی گلزار باغ اسٹیشن کے پہلے ایک پیسنجر ٹرین کی زد میں آ گیا، اس کے بعد ہجوم نے ٹرین کو روک کر اس میں آگ لگا دی۔واقعہ کی اطلاع پا کر موقع پر پہنچی جی آر پی اور پولیس نے فائر بریگیڈ کی مددسے آگ پر قابو پایا۔متوفی نوجوان کا نام ششی کمار بتایا جا رہا ہے۔اس دوران ناراض ہجوم نے ٹرین پر زبردست پتھراؤبھی کیا۔پتھراؤ میں ٹرین کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی مسافروں کو چوٹیں آئیں۔واقعہ کی وجہ سے ٹرین کافی دیر تک رکی رہی۔