فلسطینی رہنما عباس کی یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ سے ملاقات
نیویارک 22جنوری (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )فلسطین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر محمود عباس بائیس جنوری کو یورپی یونین کے حکام سے ملاقات میں فلسطینی تنازعے کے لیے واضح حمایت کرنے کی درخواست کریں گے۔ ریاض المالکی نے برسلز میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ محمود عباس یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کے ساتھ بروز پیر ہونے والی ملاقات میں یونین سے درخواست کریں گے کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد سے فلسطینی قیادت امریکا سے سخت ناراضی کا اظہار کر رہی ہے۔ محمود عباس بارہا کہہ چکے ہیں کہ امریکا اسرائیل فلسطینی تنازعے کا جانبدار ثالث نہیں ہے۔