پاکستان نے خراب تعلقات کا ٹھیکرا ہندوستان کے سر پھوڑا، یوم آزادی کی تقریب میں وزیراعظم خاقان عباسی نے کشمیرکامسئلہ بھی اٹھایا
اسلام آباد،14اگست(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے نئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر دو طرفہ تعلقات میں تعطل کے لئے ہندوستان کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ نئی دہلی کے توسیع پسندانہ ارادے دونوں پڑوسی ممالک کے تخلیقی تعلقات کے درمیان اہم رکاوٹ ہے۔ آزادی کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک کے باشندوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی کی مساوات کی بنیاد پر تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ مثبت اور تخلیقی تعلقات کا خواہش مند ہے۔اس موقع پر مہمان چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ کی موجودگی میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کئی بار مسائل کو حل کرنے کے لئے قابل قدر مذاکرات کے عمل کی پہل کرنے اور پرامن اقدامات اپنانے کی کوشش کی ہی لیکن بدقسمتی ہے کہ ہندوستان کے توسیع پسندانہ ارادے اس سلسلے میں اہم رکاوٹ ہیں۔ یانگ اس تقریب میں شامل ہونے کے لئے اتوار کو پاکستان آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی دوستی وقت کی کسوٹی پر کھری اترے گی اور آنے والی نسلوں کے ساتھ اور پروان چڑھیں گے۔ عباسی نے علاقائی تنازعات کو حل کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی، خاص طور سے کشمیر کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو علاقے میں مستقل امن کو یقینی بنانے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر تنازعہ کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔