مشکل دور سے گزر رہی ہے پاکستانی کرکٹ:سرفرازاحمد
کراچی،22؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا) پاکستان کے ون ڈے اور ٹی 20 کے نومنتخب کپتان سرفراز احمد ملک میں کرکٹ کو جھنجھوڑنے والے پی سی ایل ا سپاٹ فکسنگ معاملے پر بولنے سے بچتے رہے لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستانی کرکٹ ابھی مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ سیریز کو پاکستان کرکٹ کے لیے انتہائی چیلنج بھرا قرار دیتے ہوئے اس وکٹ کیپر بلے باز نے کیریبین دورے کے لئے ٹیم کے روانہ ہونے سے پہلے صحافیوں سے کہا کہ ان کا پہلا مقصد تین میچوں کی ون ڈے سیریز جیت کر اگلے ورلڈ کپ کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنا ہوگا۔ سرفراز نے کہاکہ میں پی ایس ایل مسئلے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا ہوں لیکن ہاں ہم مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور ہمیں اپنے لوگوں کے لئے آئندہ سیریز میں اچھی کارکردگی کرنی ہوگی۔کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پی ایس ایل سے منسلک کیس اور ان کے کھلاڑیوں کا اس میں شامل ہونا مایوس کن ہے لیکن ٹیم کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ آرتھر نے کہاکہ شرجیل اور خالد کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ گزری ہوئی بات ہے اور اگرچہ یہ کافی مایوس کن ہے لیکن ہمیں آگے بڑھناہوگا۔ اس واقعہ کے بعد کھلاڑیوں کو زیادہ ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔