القدس: اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پرشیلنگ،100 زخمی
مقبوضہ بیت المقدس2اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں کل اتوار کو اسرائیلی فوج نے پرامن شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 98 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق اتوار کو القدس کے مشرقی قصبے ابو دیس میں فلسطینی شہریوں کی ایک ریلی کے موقع پر اسرائیلی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو فلسطینیوں کے سروں میں گہرے زخم آئے جب کہ دسیوں فلسطینی آنسوگیس کی شیلنگ سے متاثرہوئے ہیں۔عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ ابو دیس میں فلسطینی شہریوں کی ’یوم الارض‘ کے حوالے سے چھ ہفتوں پر مشتمل احتجاجی تحریک کیدوران ریلی نکالی۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔