ہمارا واشنگٹن جانے کا راستہ کابل سے گزرتا ہے: شاہ محمود قریشی

Source: S.O. News Service | By S O News | Published on 4th October 2018, 11:53 PM | عالمی خبریں |

واشنگٹن 4اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) امریکی دارالحکومت میں قائم ایک تھنک ٹینک یونائٹڈ سٹیٹس انسٹی ٹیوٹ فار پیس میں منعقد ہوئے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات میں بہتری افغانستان کے حالات میں بہتری پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے واشنگٹن جانے کا راستہ کابل سے ہو کر گزرتا ہے۔شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور امریکی حکومتوں میں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا حل عسکری نہیں ہے بلکہ مصالحت پر مبنی سیاسی حل ہی کامیاب رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے اپنا پورا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان کا طالبان پر اثر رسوخ بہت کم ہو چکا ہے۔دوسری جانب، اسی سیمینار میں شریک، پاکستان کے لئے امریکہ کے سابق سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر خارجہ نے حالات کا بہت مثبت اور مناسب تعین کیا ہے اور انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے لئے افغانستان کے حالات بہت اہم ہیں۔ مگر مجھے ان کے خطاب میں کسی ٹھوس اقدام کا اعلان نظر نہیں آیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اولسن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی پچھلی دو حکومتوں میں افغانستان سے متعلق پالیسی کا کنٹرول جی ایچ کیو میں تھا۔ نئی حکومت کے لئے ہمیں ابھی حالات کا جائزہ لینا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات سے متفق ہیں کہ اس وقت پاکستان اور امریکہ کے افغان حل کے لئے نظریات میں کافی اتفاق پایا جاتا ہے۔ اور امریکہ کی موجودہ حکومت افغانستان کے سیاسی حل کے لئے بہت پرجوش ہے اور ان کے خیال میں یہ پاکستان کے بھی مفاد میں ہے۔ طالبان پر پاکستان کے کم ہوتے اثر و رسوخ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ابھی بھی طالبان پر کچھ نہ کچھ اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ پاکستان اپنے تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے طالبان کو مذاکرات کی میز تک لائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ شاہ محمود قریشی کی اس بات سے اتفاق رکھتے ہیں کہ آخر میں طالبان نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں گے کہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں واشنگٹن پاکستانی حکومت کے اس اعلان کا خیر مقدم کرے گا کہ پاکستان افغانستان میں سیاسی حل کے لئے کردار ادا کرے گا۔واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو اور نیشنل سیکیورٹی کے ایڈوائزر جان بولٹن کے ساتھ ہوئی ان کی کل کی ملاقاتیں سود مند اور خوش آئند تھیں۔ انہوں نے اپنے دورہ امریکہ کے بارے میں کہا کہ ہمیں اگرچہ بار بار مایوسی، توقعات کی ناکامی اور اشتعال کی آوازیں آتی رہیں مگر ہمیں پھر بھی مثبت تبدیلی کے لئے پر امید رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو برس خاص طور پر مشکل تھے جسے دونوں کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے یہاں آنے کی وجہ تعلقات کو دوبارہ جوڑنا اور دوبارہ سے بنانا ہے، یہ تعلقات بہت اہم ہیں تاکہ ہمارے خطے میں مشترکہ مقاصد، یعنی امن حاصل ہو سکے۔ میڈیا کی جانب سے پومپیو سے ملاقات کی ناکامی کی خبروں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ناکامیوں کی نشاندہی آسان ہے، مگر میڈیا کو دیکھنا چاہئے کہ پچھلے کچھ عرصے سے کیسے بیانات آ رہے تھے اور آج کے امریکی بیان کی زبان میں فرق تھا۔ امریکہ کے لئے پاکستان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے پانچ لاکھ سے زائد نیٹو کنٹینر گزرے جنہیں ڈپلومیٹک کارگو کا درجہ حاصل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ القاعدہ کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کو بھی دیکھنا چاہئے۔ نو سو سے زائد القاعدہ کے ممبرز کا خاتمہ کیا گیا اور گیارہ سو سے زاید کو امریکہ کے حوالے کیا گیا۔

امریکہ کی افغانستان میں ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ ہم افغانستان کے اندرونی معاملات کے ذمہ دار نہیں جن میں کرپشن، بری گورننس اور افغان حکومت میں عدم اتحاد ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہماری نئی حکومت کا ایجنڈہ لوگوں سے متعلق سماجی اور معاشی تبدیلی اور ترقی ہے۔ اس کا حصول خطے میں امن اور استحکام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
 

ایک نظر اس پر بھی

ماسکو کنسرٹ ہال حملے میں 143ہلاکتیں

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کنسرٹ ہال پر جمعہ کو ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 143 ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ کمیٹی نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ماسکو اوبلاست میں کروکس سٹی ہال، دہشت گردانہ حملے کی جگہ ...

80 ہزار افراد نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی

قابض اسرائیلی فوجوں  کی سختی کے باوجود رواں  سال رمضان کے پہلے جمعہ کو ۸۰؍ ہزار مسلمانوں   نے بیت المقدس میں  پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔ قدس نیوز نیٹورک نے جو ویڈیوشیئرکئے ہیں  میں  دیکھا جاسکتاہے کہ جوق در جوق مغربی کنارہ، راملہ اور دیگر علاقوں  سے فلسطینی شہری پیدل اور بسوں ...

شہریت ترمیمی قانون پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش ظاہر کردی

امریکہ اور نے ہندوستان کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر عدم تحفظات کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں شہریت کے متنازعہ ترمیمی قانون کے نفاذ پر تشویش ہے۔ ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے سبب جان گنوانے والے فلسطینیوں کی تعداد 31272 ہوئی

غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 31272 ہو گئی ہے۔ غزہ میں قائم وزارت صحت نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 فلسطینیوں کو قتل اور 135 دیگر کو زخمی کیا، جس سے گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس ...

غزہ میں امداد کیلئے قطار میں منتظر افراد کو پھر نشانہ بنایا گیا، 11 شہید

  انسانیت کی تمام حدوں  کو پار کرتے ہوئے اسرائیلی فوجوں  نے بدھ کو پھر بھکمری کے شکار ان پریشان حال لوگوں  کو نشانہ بنایا جو اپنے بچوں  کی پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے امداد حاصل کرنے کے مقصد سے قطار میں  لگے ہوئے تھے۔ بدھ کے اس حملے میں  ۱۱؍ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ...

انڈونیشیا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے سے تباہی، 19 افراد ہلاک ،متعدد زخمی

انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں مسلسل بارش نے سیلاب اور چٹان کھسکنے سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔ اس دوران 5سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے12 لاشیں نکالی گئیں اور 7افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ5 افراد اب تک ...