اپوزیشن لیڈران گیندڈھونڈتے رہ جائیں گے:رام ولاس پاسوان
نئی دہلی :یکم /فروری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی کے رہنما رام ولاس پاسوان نے عبوری بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) حکومت نے ایسا چھکا مارا ہے کہ اپوزیشن رہنما گیند ڈھونڈتے رہ جائیں گے۔ وزیر خزانہ پیوش گوئل نے آج جمعہ کو لوک سبھا میں عبوری بجٹ پیش کیا۔مسٹر پاسوان نے کہا،’ حکومت نے ایسا چھکا مارا ہے کہ اپوزیشن رہنماالیکشن تک گیند ڈھونڈتے رہ جائیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوسری سرجیکل اسٹرائک ہے۔ پہلی سرجیکل اسٹرائک ہندوستانی فوج نے سرحد پار ’بلیٹ‘ سے کی ہے اور یہ دوسری سرجیکل اسٹرائک ہے جو ’بیلیٹ‘ سے ہوگی۔ انہوں نے کہاہے کہ عام انتخابات میں این ڈی اے حکومت کو 400 سیٹیں ملیں گی۔انہوں نے کہاکہ کسی نے سوچا تھا کہ ٹیکس میں چھوٹ کی حد پانچ سے چھ لاکھ ہو جائے گی یا کسانوں کو اس طرح کی سوغات دی جائے گی۔بجٹ میں ٹیکس چھوٹ کی حدبڑھاکرپانچ لاکھ کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے تین کروڑ ٹیکس دہندگان کو فائدہ ہونے کی امیدہے۔