بحرین:بم دھماکے میں سیکیورٹی اہلکار ہلاک، دو زخمی،دھماکہ حکومت مخالف لیڈر کی رہائش گاہ کے قریب ہوا
مناما،19؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)خلیجی ریاست بحرین میں حکومت مخالف رہ نما عیسیٰ قاسم کی رہائش گاہ کے قریب ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ بحرینی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت مخالف لیڈر عیسیٰ قاسم کی الدراز کے مقام پر واقع رہائش گاہ کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ بیان میں واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی فوری تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بحرینی پولیس نے دہشت گردی کے الزام میں عیسیٰ قاسم نامی شیعہ لیڈر کے گھر سے 286مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لیا تھا۔ گذشتہ سال بحرین حکومت نے ایران سے تعلق اور ملک میں پرتشدد کارروائیوں کے الزمات کے تحت عیسٰی قاسم کی شہریت منسوخ کردی تھی۔