تصادم میں ایک نکسلی ڈھیر
رائے پور22اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ بیجا پور ضلع میں پولیس نے تصادم میں ایک نکسلی کو مار گرایاہے۔پولیس نے جائے حادثہ سے ہتھیار بھی برآمدکئے ہیں۔ضلع کے پولیس حکام نے آج بتایا کہ ضلع کے بیجا پور تھانہ علاقے کے تحت منگا منکیلی گاؤں کے جنگل میں پولیس نے ایک نکسلی کو مار گرایا ہے اور جائے حادثہ سے ہتھیار برآمد کیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ اواپلی تھانہ سے ضلعی مشترکہ ٹیم کو گشت کرنے کیلئے روانہ کیا گیا تھا۔ٹیم جب منگا منکیلی گاؤں کے جنگل میں پہونچی نکسلیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔اس کے بعد پولیس ٹیم نے بھی جوابی کارروائی کی۔دونوں جانب سے کچھ دیر تک فائرنگ کے بعدنکسلی وہاں سے بھاگ گئے۔حکام نے بتایا کہ بعد میں جب پولیس ٹیم نے جائے حادثہ کی تلاشی لی تب وہاں ایک نکسلی کی لاش، ایک دیسی کٹااور ایک بھرمار بندوق برآمد کیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس پارٹی جنگل میں ہے اور تصادم میں مارے گئے نکسلی کی لاش کو باہر نکالا جا رہا ہے۔پولیس پارٹی کی واپسی کے بعد ہی اس سلسلے میں مکمل معلومات مل سکیں گی۔