تیل کی قیمتوں میں 2.50 روپے کی کمی،ہفتے بھر میں 2.24 روپے کا اضافہ
نئی دہلی ،13؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پٹرول۔ڈیژل کی قیمتوں کے معاملے پرکانگریس نے ایک بار پھر بی جے پی پر نشانہ لگایا ہے۔کانگریس نے الزام لگایاہے کہ نریندر مودی حکومت نے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکا ہے۔کانگریس پارٹی کے مرکزی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے ٹویٹ کرکے کہاکہ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کمی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کامودی حکومت کا نایاب نمونہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے ڈیزل میں 2.5 روپے کم کئے۔پھر چور دروازے سے 9 ویں دن ہی 2.24 روپے بڑھا دیئے۔غور طلب ہے کہ پٹرول۔ڈیزل آج پھر مہنگا ہوا ہے۔پٹرول 18 پیسے اور ڈیزل 29 پیسے مہنگا ہوا ہے۔دہلی میں آج پٹرول 82.66 روپے اور ڈیزل 75.19 روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔وہیں ممبئی میں ایک لیٹرپٹرول کی قیمت 88.12 روپے ہے، جبکہ ڈیزل 78 روپے 82 پیسے فی لیٹر مل رہا ہے۔تقریباً ایک ہفتے پہلے حکومت نے پٹرول۔ڈیزل کے ایکسائز ٹیکس کم کیا تھا۔تب پٹرول ملک بھر میں ڈھائی روپے فی لیٹر سستا ہوا ہے، لیکن اس کے بعد سے مسلسل ہو رہے اضافہ کی وجہ سے قیمت پھر وہیں پہنچ گئی ہے ۔