حج عمارت کی دیوار کے بعد اب لکھنؤ کے قیصرباغ تھانے میں چڑھا بھگوا رنگ
لکھنؤ،7؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں بی جے پی حکومت بھگوارنگ کو لے کر ایکشن میں ہے۔یوگی کی انتظامیہ سرکاری رہائش گاہوں، بسوں، اسکولوں اور دفتروں کو بھگوا رنگ میں رنگنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔اس کڑی میں ہفتہ کو لکھنو کے قیصر باغ پولیس اسٹیشن کو بھی بھگوارنگ میں رنگ دیا گیا ہے۔پولیس اسٹیشن کی چہاردیواری کے ساتھ اسٹیشن کے اندر تک سی ایم یوگی کا پسندیدہرنگ دیکھا جا سکتا ہے۔اس سے پہلے یوگی حکومت نے ریاست کی نئی سرکاری بسوں کو بھگوا رنگ میں رنگنے کا حکم دیا تھا۔وہیں گزشتہ جمعہ کو حج ہاؤس پر بھی بھگوا رنگ چڑھا دیا گیا۔وزیر اعلی یوگی سمیت پردیش کی بی جے پی حکومت کے اس بھگوا مشن کو آپ ایسے سمجھ سکتے ہیں کہ سی ایم یوگی کے’ہاؤس دفتر‘لال بہادر شاستری بھون کو بھی بھگوارنگ دیاجا چکا ہے، یہاں تک کی سی ایم کی کرسی پر رکھے تولیے کا رنگ بھی بھگوا رنگ میں تبدیل کیا جاچکا ہے۔مانا جاتا ہے کہ بھگوادھاری سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو بھگوا رنگ بہت پسند ہے۔یہی وجہ ہے کہ پوری ریاست میں جگہ جگہ بھگوا رنگ چڑھا نے کا کام کیا جا رہا ہے۔یوپی کے سی ایم یوگی کے پروگراموں میں اسٹیج سے لے کر سوفے تک کا رنگ بھگوا ہی رہتا ہے۔یوپی حکومت ہر سال معلومات ڈائری شائع کراتی ہے۔جس کی قیمت 120 روپے ہے۔تمام وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، ممبران اسمبلی اور افسروں کو یہ ڈائری مفت دی جاتی ہے۔لیکن اب اس ڈائری کو بھی بھگوا رنگ میں رنگا جا چکا ہے۔