منگلورو میں ایپ کے ذریعے ایمبولنس طلب کرنے کی سہولت۔ 9مشہور اسپتالوں کا نیٹ ورک
منگلورو 18؍ستمبر (ایس او نیوز) میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولنس بروقت دستیاب ہونے پر اکثر و بیشتر مریضوں اور ان کے رشتے داروں کو کافی تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔اور بعض دفعہ مریض کی جان کو خطرہ بھی لاحق ہوجاتا ہے۔اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے منگلورو کے ڈاکٹروں نے ایپ کے ذریعے ایمبولنس طلب کرنے کی سہولت مہیا کی ہے۔
معروف کے ایم سی اسپتال کے ڈاکٹر مینش رائے نے کوڈکرافٹ ٹیکنالوجیز کے بانی دکشیت رائے کے تعاون سے تیار کردہ 'saviour'نامی ایپ کے ذریعے منگلورو شہر کے بہت ہی مشہور و معروف 9اسپتالوں کو لنک کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رام کرشنا راؤ نے اس ایپ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ضلع انتظامیہ اور 'saviour'ٹیم کی طرف سے ٹاؤن ہال میں ایک کنونشن بھی منعقد کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ اس تعلق سے شہر کے مختلف اسپتالوں میں تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔
فی الحال اس موبائل نیٹ ورک سے جو اسپتال جڑے ہوئے ہیں ان کے نام یہ ہیں: ۱۔ کے ایم سی اتّاور، ۲۔ کے ایم سی جیوتی، ۳۔ ایناپویاہاسپٹل، ۴۔کے ایس ہیگڈے ہاسپٹل، ۵۔اے جے ہاسپٹل، ۶۔ کاناچور ہاسپٹل، ۷۔وینلاک ہاسپٹل، ۸۔فادر مولر ہاسپٹل، ۹۔ آلواس ہاسپٹل
جس کسی کو بھی ایمرجنسی ایمبولنس کی ضرورت ہوگی اسے اس ایپ پر جاکر 'request help'کے بٹن کو کلک کرنا ہوگا۔اس وقت مریض کے قریبی لوکیشن میں موجود جو بھی ایمبولنس ڈرائیور ہوگا اسے نوٹی فکیشن پہنچ جائے گااور وہ جی پی ایس کے ذریعے مریض کا لوکیشن معلوم کرکے چند ہی منٹوں میں متعلقہ مقام پر پہنچ جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی مریض کو اسپتال میں پہنچانے کے دوران ایمبولنس میں موجود پیرا میڈیکل اسٹاف کے ذریعے ضرورت ہونے پر ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔