آسٹریلین اوپن میں بڑا الٹ پھیر، ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے نوواک جوکووچ
ملبورن ،23؍جنوری (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں پیر کو میچ کا سب سے بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو ملا۔واضح رہے کہ چھ بار کے چمپئن رہے نوواک جوکووچ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔جنوبی کوریا کے کھلاڑی چنگ ہییون کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دراصل جوکووچ نے چھ ماہ بعد واپسی کی تھی اور میچ کے دوران انہیں کافی درد میں بھی دیکھا گیا۔جنوبی کوریا کے کھلاڑی چنگ نے 7-6, 7-5, 7-6 سے جوکووچ کو شکست دے دی۔جوکووچ نے ہارنے کے باوجود چنگ کو مبارک باد دی اور ان کی اننگز کو بہترین بتایا۔جوکووچ نے اپنے حریف کھلاڑی کے بارے میں کہا کہ وہ آج کورٹ پر بہتر کھلاڑی تھا اور جیت کا حقدار بھی۔انہوں نے کہا کہ پہلے سیٹ کے آخر میں چوٹ انہیں پریشان کرنے لگی تھی۔فی الحال جوکووچ آسٹریلین اوپن سے باہر ہو گئے ہیں۔