شمالی کوریا کی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات منسوخ کرنے کی دھمکی

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 17th May 2018, 1:34 PM | عالمی خبریں |

واشنگٹن 16 مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )شمالی کوریا کی حکومت نے کم جونگ ان اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی ملاقات منسوخ کرنے کی دھمکی دی ہے۔بدھ کی صبح جاری کیے جانے والے ایک بیان میں شمالی کوریا کے نائب وزیرِ خارجہ اول کم کائی گوان نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے شمالی کوریا سے اپنے جوہری ہتھیار یک طرفہ طور پر ختم کرنے کا مطالبہ جاری رکھا تو ان کا ملک کو 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی سربراہی ملاقات کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنا پڑے گی۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' کی جانب سے جاری بیان میں نائب وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے شمالی کوریا کو دیوار سے لگانے کی کوشش جاری رکھی یا ہم پر اپنا جوہری پروگرام یک طرفہ طور پر بند کرنے کے لیے دباو? ڈالا تو امریکہ کے ساتھ سربراہی ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔شمالی کوریا کا یہ بیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا ایسا قدم ہے جس سے جزیرہ نما کوریا میں قیامِ امن کی حالیہ کوششوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا ہے۔اس سے قبل شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کو جواز بناتے ہوئے جنوبی کورین حکام کے ساتھ بدھ کو طے شدہ اعلیٰ سطحی مذاکرات اچانک منسوخ کردیے تھے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' کی جانب سے منگل کی شب جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ جنوبی کوریا میں جاری 'میکس تھنڈر' نامی مشترکہ فوجی مشقیں شمالی کوریا پر "حملے کی ریہرسل" اور اشتعال انگیزی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ امریکی حکومت کو جنوبی کوریا کے تعاون سے کی جانے والی اس فوجی اشتعال انگیز ی کے تناظر میں شمالی کوریا اور امریکہ کی طے شدہ سربراہی ملاقات کے مستقبل پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہیکہ منسوخ کی جانے والی بات چیت کے ایجنڈے میں دونوں ملکوں کے درمیان سات دہائیوں سے جاری جنگ کا باقاعدہ خاتمہ اور فوجی طاقت میں کمی جیسے اہم معاملات شامل تھے جن پر دونوں جانب کے اعلیٰ حکام کو بات چیت کرنا تھی۔وائٹ ہاؤس نے تاحال شمالی کوریا کے ان اقدامات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور صرف اتنا کہا ہے کہ وہ خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔امریکی محکمہ دفاع 'پینٹاگون' نے کہا ہے کہ 'میکس تھنڈر' کے عنوان سے ہونے والی فوجی مشق ہر سال ہونے والی معمول کی تربیتی مشق ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے فوجی دستوں کی صلاحیت بڑھانا ہے۔ پینٹاگون نے کہا ہے کہ یہ مشقیں گزشتہ کئی دہائیوں سے کی جارہی ہیں اور ان کا مقصد ہمیشہ سے واضح رہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوارٹ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان خود کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکہ کے لیے ان مشقوں کی اہمیت سمجھتے ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ فی الحال امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا کے ساتھ طے شدہ سربراہی ملاقات کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور امریکی حکومت ملاقات کے پروگرام پر قائم ہے۔امریکی حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات کریں گے۔اس ملاقات سے قبل شمالی کوریا نے خیرسگالی کے اظہار کے لیے اپنے ہاں قید تین امریکی شہریوں کو بھی رہا کردیا تھا جنہیں لینے کے لیے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو خود پیانگ یانگ گئے تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔