بات چیت ہی واحدمتبادل،ماضی کی باتیں پرانی ہوگئیں،کشمیر میں کشیدگی کے درمیان محبوبہ مفتی نے کہا،بندوق سے حل ممکن نہیں
جموں، 17؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا )جموں وکشمیرمیں بار بار ہو رہے احتجاج وکشیدگی اورابترحالات کے درمیان وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کو تشدد سے نکالنے کے لئے بات چیت کی وکالت کی ہے۔سی ایم مفتی نے ریاستی اسمبلی میں کہاکہ ماضی میں جو کچھ ہوا وہ پرانی بات ہو گئی، اب جموں و کشمیر کے حالات کو بہتر بنانے کا راستہ بات چیت سے ہی نکلے گا۔سی ایم محبوبہ مفتی نے شدت پسندوں اور مظاہرین سے ہتھیارچھوڑکربات چیت کی میز پر آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بات چیت ہی کسی شکایت کو دور کرنے کا واحد راستہ ہے ،بندوقوں اورتشدد سے مسئلہ نہیں سلجھتاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم لوگ پریشان ہیں، ہمارے فوجی مر رہے ہیں۔آج دونوں فریق کے لوگ مشکلات کاسامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مشکلیں دور کرنے کے لئے ہمارے ساتھ بیٹھناہوگا۔جب ہم ساتھ مل کر چلیں گے، تبھی ہم ساتھ آگے بڑھیں گے۔