پتھر بازی اور بات چیت ساتھ نہیں ہو سکتی :امت شاہ
نئی دہلی،28؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان، پاکستان سمیت اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، لیکن حدود کے تجاوز، فوجیوں اور شہریوں کی حفاظت کی قیمت پر نہیں۔ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں شاہ نے کہا کہ پتھر بازی اور بات چیت ساتھ نہیں ہو سکتی ہے۔ مودی حکومت کی پاکستان پالیسی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں امت شاہ نے کہا کہ اس کے کام کو سمجھنا ضروری ہے، جب ہماری حکومت کی تقریب حلف برداری تھی تب ہم نے اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے سربراہان مملکت کو بلایا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ ہم سب پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن اچھے تعلقات کس طرح ہوں گے، اگر ہمارے جوانوں کے ساتھ نا انصافی ہو، اگر ہمارے شہریوں کی حفاظت پر حملے ہوں، ہماری سرحدوں کو تجاوزکیاجائے تو صورت حال کس طرح درست رہے گی۔شاہ نے کہا کہ ہم نے تو ہاتھ بڑھایا تھا، ہم چاہتے تھے کہ رشتے اچھے ہوں لیکن کوئی یکساں طور پر جواب نہیں آئے گا تو کیا کریں۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات پر صرف ہندوستان فیصلہ نہیں کر سکتا، اس کے بارے میں ذمہ داری پاکستان کو بھی ادا کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ اچھے تعلقات دونوں ممالک کو مل کر بنانا ہے۔