مودی کی ایمانداری پر کوئی سوال نہیں اٹھاسکتا: راج ناتھ سنگھ
نئی دہلی،10 ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کے روز اپوزیشن پر رافیل سودے کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کوئی ایسانہیں جو وزیراعظم نریندر مودی کی نیت اور ان کے ایمان پر انگلی اٹھاسکے۔
سنگھ نے یہاں ادھیویشن بھون میں منعقدہ ’’بھارت کے من کی بات مودی کے ساتھ‘‘ پروگرام میں اسکالروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں نے سیاست میں کبھی کسی پربے بنیاد الزام عائد نہیں کیا ہے اور زبان اور الفاظ کی حدود کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔ میں نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے۔ میں وزیراعظم نریندر مودی کو سالوں سے جانتاہوں۔ہم نے مل کر ساتھ ساتھ کام کیا ہے۔ ان پر آپ دیگر جو بھی الزام لگانا ہے لگاسکتے ہیں کہ مودی جی نے کام کم کیا، کام زیادہ کیا، ان کومزید کام کرنا چاہئے لیکن کوئی مائی کا لال ان کی نیت اور ان کے ایمان پر انگلی نہیں اٹھا سکتاہے۔‘‘
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاست عوام کو گمراہ کرکے اور آنکھوں میں دھول ڈال کر نہیں بلکہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی ایمانداری پر کسی کو کوئی شک نہیں ہے۔ آخر وہ کس کے لیے مال جمع کریں گے۔