مینگلور اور اُڈپی میں پولس افسران کے تبادلے؛ نیشا جیمس اب اُڈپی کی نئی ایس پی اور سندیپ پاٹل مینگلور کے نئے پولس کمشنر
مینگلور 21/فروری (ایس او نیوز) پارلیمانی انتخابات کو لے کر ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اعلیٰ آفسران کے تبادلے جاری ہیں، اسی مناسبت سے اب اُڈپی اور مینگلور میں اعلیٰ آفسران کے تبادلے کئے گئے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اڈپی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کی حیثیت سے لکشمن نمبرگی کا تبادلہ کرتے ہوئے اس عہدے پراب محترمہ نیشا جیمس کا تقرر کیا گیا ہے۔ نیشا جیمس اب تک کے ایس آر پی بنگلورو کی چوتھے بٹالین کی کمانڈنٹ کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں۔لکشمن نمبرگی کو اگلے احکام جاری ہونے تک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وائرلیس بنگلورو میں تعینات کردیا گیا ہے۔
منگلورو کے پولیس کمشنر ٹی آر سریش کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر سندیپ پاٹل کا تقرر کیا گیا ہے۔ سندیپ پاٹل اب تک بنگلورو سی اے آرمیں ڈی آئی اور جوائنٹ کمشنر آف پولیس کے عہدے پر فائز تھے۔اب انہیں ٹی آر سریش کے مقام پر آئی جی اور کمشنر آف پولیس منگلورو کے طور پر تعینات کردیا گیا ہے۔