کیرالا میں نیپاہ وائرس پر قابو پالیا گیا
کوزی کوڈ،23؍مئی ( ایس او نیوز ؍ ایجنسی) کیرالا کی وزیر صحت کے کے شیلجہ نے آج کہا کہ ریاست میں نیپاہ وائرس پر قابو پالیا گیا ہے، جس نے 10 افراد کی جان لی ہے اور دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کوزی کوڈ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں 17 افراد زیرعلاج ہیں۔ اس بیماری کو کوزی کوڈ اور ملا پورم اضلاع تک محدود رکھا گیا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کوزی کوڈ میں نیپاہ وائرس کے دو مشتبہ نئے کیسس کی اطلاع دی گئی ہے۔ یہ مریض بخار میں مبتلا ہیں اور زیر نگرانی ہیں۔ شیلجہ نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ اس وائرس پر اگرچہ کہ قابو پالیا گیا ہے ، تاہم چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کے تمام مصارف ریاستی حکومت برداشت کرے گی اور چمگاڈروں سے دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ حکومت ریبا وائرن نامی دوا کی سربراہی کی منتظر ہے ، جو عموماً ایسے کیسس میں علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر پی وجین نے آج کابینی اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد متوفیوں کے خاندانوں کے لیے 5 لاکھ روپئے فی کس ایکس گریشیا ادائیگی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نرس لینی کے شوہر کو سرکاری ملازمت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، جو کوزی کوڈ کے پیرمبرا میں نیپاہ وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کے بعد فوت ہوگئی تھی۔ وجین کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ان کے دونوں بچوں کو پانچ پانچ لاکھ روپئے دیئے جائیں گے اور وہ 18 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد ہی یہ رقم نکال سکیں گے۔ اسی دوران مرکز کی جانب سے تعینات ماہرین صحت کی ٹیموں نے کوزی کوڈ میں کام کرنا شروع کردیا ہے۔ ریاستی حکومت کی مختلف ٹیمیں بھی ان کے ساتھ اشتراک کررہی ہیں ۔