بنگلورو کی ڈپٹی میئر رمیلا شنکر حرکت قلب بند ہونے سے فوت
بنگلورو،5؍اکتوبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی نومنتخب ڈپٹی میئر رمیلا اوما شنکر آج اچانک ہرقلب بند ہوجانے کے سبب فوت ہوگئیں۔ بتایاجاتاہے کہ کل رات سینے میں درد کی شکایت پر 44 سالہ رمیلا کو اسپتال لے جایا گیا لیکن تھوڑی ہی دیر میں وہ چل بسیں۔ کاویری پورم وارڈ کی کارپوریٹر کے پسماندگان میں ان کے شوہر اوما شنکر اور دو بچے شامل ہیں۔ 28 ستمبر کو ہوئے میئر انتخاب میں رمیلا شنکر کو شہر کی ڈپٹی میئر کے طور پر منتخب کیاگیاتھا، ابھی انہوں نے ڈپٹی میئر کا عہدہ باقاعدہ سنبھالا بھی نہیں تھاکہ چل بسیں۔ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور، سابق وزیراعلیٰ سدرامیا سمیت متعدد شخصیتوں نے رمیلا شنکر کی موت پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا ، جے ڈی ایس کے ریاستی صدر وشواناتھ، وزیر اعلیٰ کمار سوامی کی اہلیہ انیتا کمار سوامی ، بی جے پی لیڈر وی سومنا، میئر گنگامبیکے ، ریاستی وزراء بی سی تمننا، جی ٹی دیوے گوڈا ، ڈی کے شیوکمار، سی ایس پٹ راجو ، ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا، بی بی ایم پی میں حکمران پارٹی کے لیڈر شیوراج ، اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی، اور متعدد شخصیتوں نے رمیلا شنکر کی رہائش گاہ پہنچ کر تعزیت ادا کی۔ رمیلا شنکر کی ناگہانی موت کے سبب اب شہر کے ڈپٹی میئر کے عہدے کے لئے ضمنی چناؤ ہوگا۔ غالباً بی بی ایم پی کی اگلی کونسل میٹنگ میں یہ انتخاب کروایا جاسکتاہے۔ ڈپٹی میئر منتخب ہونے کے بعد رمیلا شنکر اب تک بی بی ایم پی کی ایک کونسل میٹنگ میں بھی شریک نہیں ہوپائیں۔ ڈپٹی میئر بننے سے پہلے رمیلا شنکر جے ڈی ایس گروپ کی لیڈر رہ چکی ہیں۔