بھٹکل:حضرت سید نا ابراہیم ؑ کی سیرت اور پیغام پر مشتمل شمس ہائی اسکول اور نیو شمس اسکول میں نمائش کا اہتمام
بھٹکل:17/اگست (ایس اؤنیوز)سیدنا حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت اور ان کی ذریت کے حوالے سے تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول اور نیو شمس اسکول کے طلبا نے مثالی و نمونے کے قابل نمائش کا اہتمام کرتے ہوئے حضرت ابراہیمؑ کے پیغام کو پیش کرنے کی کوشش کی ۔
شہر کے مشہور عالم دین مولانا اویس مدنی عمری نے اسلامی نمائش کا افتتاح کیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد محسن ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام عالمی شخصیت اور پیغمبر ہیں تمام عقائد کے جد امجد ہونے کی بات کہتے ہوئے بتایا کہ مسلمان انہی کی سنت پر عمل کرتے ہیں۔ مسلمانوں کا عالمی اجتماع جس کو شرعی اصلاح میں حج کہاجاتاہے ،حج کے دوران اداکئے جانے والےارکان،مناسک حج میں سے زیادہ تر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت کے واقعات پر مبنی ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں بہت محبوب رکھتاہےاور اللہ نے انہیں خلیل اللہ کے خطاب سے پکارا ہے۔
اسکولی طلبا نے نمائش میں پوسٹرس اور نمونوں کے ذریعے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت اور پیغام کو پیش کرنے کی کوشش کی۔ بینا وئیدیا انٹرنیشنل اسکول ، علی پبلک اسکول ، توحید ہائی اسکول شیرور اور سرکاری اردو ہائی اسکول جامعہ جالی کے طلبا نے نمائش کا نظارہ کرتے ہوئے طلبا کے قابلیت کی تعریف کرتے ہوئے مبارکبادی دی ۔
نمائش کے افتتاحی تقریب میں رابطہ سوسائٹی کے سکریٹری مولانا سید احمد جوشیدی ، اسکول انتظامیہ کے نائب صدر سید اشرف برماور، سکریٹری محمد طلحہ سدی باپا، جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ ، ایس ایم عبدالرقیب، یحییٰ رکن الدین، صدر مدرس محمد رضامانوی وغیرہ موجود تھے۔