نیٹ میں اردو کو شامل کرنے کے مطالبے پر جلد سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار
نئی دہلی، 23/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے نیٹ امتحان میں اردو زبان کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کرنے والی اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزشن آف انڈیا (ایس آئی او آئی)کی درخواست پر فوری طور پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔دراصل نیٹ امتحان کی درخواست کی آخری تاریخ یکم مارچ کو ہے اور درخواست گزار اس پر یکم مارچ سے پہلے سماعت کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔چیف جسٹس جے ایس کھیہر نے سماعت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بات نہیں ہے، اس سال نہیں،تو اگلے سال اردو زبان کے طلبا امتحان دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج اردو والے آئے ہیں، کل پنجابی، پھر کوئی اور زبان کے لیے لوگ آئیں گے۔درخواست میں ایس آئی او آئی نے کہا ہے کہ اردو ملک کی چھٹی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے،لیکن نیٹ کے امتحان میں اس زبان میں امتحان دینے کی اجازت نہیں دی گئی ہے، جبکہ اردو سے کم بولی جانے والی کئی زبانوں میں نیٹ امتحان دینے کی اجازت ہے۔سپریم کورٹ اب اس درخواست پر 3/مارچ کو سماعت کرے گا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ اس سیشن میں اردو زبان میں نیٹ کا امتحان نہیں ہوسکے گا۔ایم سی آئی کے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق،نیٹ امتحان کا انعقاد 10 زبانوں میں کرنے کی تجویز ہے، جن زبانوں میں امتحان ہو گا، ان میں انگریزی، ہندی، آسامی، بنگالی، گجراتی، مراٹھی، تامل، تیلگو، اوڑیا اور کنڑ شامل ہیں۔