نجی اسپتالوں کی لوٹ پر روک لگانا ضروری: روشن بیگ

Source: S.O. News Service | By Jafar Sadique Nooruddin | Published on 22nd April 2017, 2:34 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو:21/اپریل(ایس او نیوز) نجی اسپتالوں کی طرف سے مریضوں کے علاج کے نام پر جس طرح کی کھلے عام لوٹ مچائی جارہی ہے اس پر وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ علاج کے مقدس پیشہ کو ان تجارتی اسپتالوں نے لوٹ کا ذریعہ بناکر اس پیشہ کو داغدار بنادیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیسے کیلئے ان اسپتالوں نے اپنی اسپتالوں کو فائیو اسٹار ہوٹلوں کی طرح بناکر رکھ دیا ہے، جہاں علاج کرانے کے بارے میں غریب اور متوسط طبقے کے لوگ تصور بھی نہیں کرسکتے۔ آج نیشنل اربن ہیلتھ مشن کے زیر اہتمام بلدیہ کارکنوں کیلئے منعقدہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہائی ٹیک اسپتالوں میں بھی غریبوں کا علاج ہونا چاہئے، اس کیلئے حکومت کوایسے ضوابط وضع کرنے ہوں گے، جس سے ان اسپتالوں کی اجارہ داری ختم ہو۔ انہوں نے کہاکہ سنگین امراض میں مبتلا افراد کو دواؤں تک رسائی بھی دن بدن مشکل ہوتی جارہی ہے۔ دواؤں کی تجارت پر ایک منظم مافیا قابض ہوچکا ہے۔ سستی جنرک دواؤں تک عوام کی رسائی منظم طریقے سے محدود کی گئی ہے۔ اس سلسلے کو ختم کیاجاناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ کئی بڑے اسپتالوں میں غریب مریضوں پر نئے نئے طریقہئ علاج کا تجربہ کیا جاتا ہے،جس کی وجہ سے ان غریبوں کی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔یہ سلسلہ رکنا چاہئے۔ اگر جدید طریقہئ علاج کا تجربہ کرنا ہی ہے تو یہ ریاستی وزراء، آئی اے ایس، آئی پی ایس افسران اور اراکین اسمبلی پر کیا جائے نہ کہ غریبوں پر۔ اسپتالوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہر شہری چاہے وہ غریب ہو یا امیر اس کی صحت پر توجہ دے، لیکن نجی اسپتالوں کے معاملے میں ایسی صورتحال نہیں ہے، بلکہ ان لوگوں نے پیسہ لوٹنا ہی اپنا مقصد بنالیاہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری راجیشور راؤنے بتایا کہ نیشنل اربن ہیلتھ مشن کے تحت 50فیصد رقم بنگلور کو دی گئی ہے، اس سے عوامی صحت کے حفظان میں کافی مدد ملے گی، باقی 50فیصد رقم بی بی ایم پی کی طرف سے برداشت کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ نیشنل اربن ہیلتھ مشن کی طرف سے ملک کے 77شہروں میں خدمت انجام دی جارہی ہے۔ کنٹراکٹ کی بنیاد پر ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ساتھ ہی ضروری عملہ کا تقر بھی کیاگیا ہے۔ا س موقع پر محکمہئ صحت کی پرنسپال سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش، نیشنل اربن ہیلتھ مشن کے کمشنر سبودھ یادو،اعلیٰ افسران اور بلدی اداروں کے نمائندے موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔