اتحاد کے لئے مودی مخالف لیڈروں نے کی ملاقات،این ڈی اے کو بتایا ڈوبتا جہاز
نئی دہلی،21؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جے ڈی یو کے سابق لیڈرشرد یادو نے بی جے پی کے قیادت والے این ڈی اے اتحاد کو ’ڈوبتاہوا جہاز‘بتایا ہے۔انہوں نے کہا کہ شیوسینا کے بعد ٹی ڈی پی نے بھی این ڈی اے کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔جلد ہی این ڈی اے میں کوئی اتحادی نہیں رہے گا۔ مہاگٹھ بندھن کو لے کر اکھلیش یادو سے بات چیت کے بعد انہوں نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر بہت الزام لگائے ہیں۔ سابق ایم پی نے یوگی پر غیر آئینی زبان استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں لوگ ان کی حقیقت بتادیں گے۔بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سے اختلافات کی وجہ سے پارٹی سے الگ شرد یادو نے کہا کہ وہ ہندوستان کے آئین کے بچانے کے لئے ملک بھر کا دورہ کر رہے تھے، تاکہ مہاگٹھ بندھن کا خاکہ تیار کیا جا سکے ۔ اس معاملے میں وہ جلد ہی بی ایس پی سربراہ مایاوتی سے ملاقات کریں گے۔اس دوران شرد یادو نے مودی حکومت پر وعدہ خلافی کا بھی الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کی خود کشی بڑھتی جا رہی ہیں۔تقریباً26 ہزار کسان اور 500بے روزگار نوجوان خود کشی کر چکے ہیں۔نوٹ بندی سے کروڑوں لوگوں کا روزگار ختم ہوگیا ۔تاجروں کا دھندہ چوپٹ ہو گیا۔کاشت برباد ہو گئی۔ لیکن یہاں کے وزیر اعلی مندروں کے چکر لگا رہے ہیں۔لو جہاد کو ایشو بنایا جا رہا ہے۔نسل پرستی کا فروغ یوگی انتظامیہ میں دیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے ایک دن شرد یادو نے اکھلیش یادو سے ملاقات کی تھی۔اس پر ایس پی ترجمان راجندر چودھری نے کہاکہ دونوں کے درمیان مختلف مسائل پر تقریبا ایک گھنٹہ بات چیت ہوئی۔اس میں مودی حکومت کی آمریت کے خلاف آئین بچانے کے لئے تمام جماعتوں کے ایک ساتھ آنے کو لے کر بھی بات چیت کی گئی۔غور طلب ہے کہ 23 مارچ کو راجیہ سبھا انتخابات سے پہلے اکھلیش یادو نے اپنے تمام ممبران اسمبلی کو بدھ کے دن رات کے کھانے پر بلایا ہے۔ایس پی کے پاس فی الحال 47ممبران اسمبلی ہیں لیکن والد نریش اگروال کے بی جے پی میں شامل ہونے کی وجہ سے ان کے بیٹے نتن اگروال کا ووٹ پارٹی کے حق میں جانے کی امید بہت کم ہے۔یوپی میں ممبران اسمبلی کی تعداد کو دیکھتے ہوئے سماج وادی پارٹی کو اپنے امیدوار جیہ بچن کو راجیہ سبھا بھیجنے کے لئے 37ووٹوں کی ضرورت ہو گی جبکہ ایس پی دیگر ووٹ بی ایس پی امیدوار بھیو راؤ امبیڈکر کو دینے کے لئے تیار ہے۔