بھٹکل انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر میں ٹیکس اور جی ایس ٹی پر کل ہند سمینار کا کامیاب انعقاد
بھٹکل:7/ فروری (ایس اؤنیوز)’’بھارتی کاروباری منظر میں کاروباری جدت اور ٹیکس کے حالیہ رجحانات‘‘کے عنوان پر انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کے زیرا ہتمام ایک روزہ کل ہند سمینار کا انعقاد ہوا۔
مہاراشٹرا پونا کے اے آئی ایم ایس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد سلیم لاہوری نےسمینار کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے صنعتی میدان میں موجود مواقع اور سہولیات پر روشنی ڈالی۔ منگلور کے نند گوپال شنئی نے کاروبار اور تجارت میں عائد کئے گئے ٹیکس کے نتائج پر مفصل بات کی۔ کمٹہ کے ٹیکس آفیسر بھرتیش کمار نے جی ایس ٹی کی ادائیگی کے طریقوں کی جانکاری دی۔ کاروار کے انکم ٹیکس آفیسر نندن آئیگل نے جی ایس ٹی کے موضو ع پر بات کی تو دھارواڑ جے ایس ایس کالج ،صدر شعبہ کامرس کے ڈاکٹر شوکت علی ایم ایم نے ہندوستانی معاشی نظام پر ٹیکس کے اثرات اور نتائج پر خیالات کااظہار کیا۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر سید عبدالرحمن باطن ؔ نے صدراتی کلمات پیش کئے ۔ پرنسپال پروفیسر مشتاق احمد شیخ نے استقبال کیا تو صدر شعبہ کامرس ایم ایم ملا نے شکریہ اداکیا۔ جب کہ کامرس کے پروفیسر رویندر کائی کنی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر کالج بورڈ سکریٹری جاوید حسین آرمار،نائب پرنسپال سہیل احمد، نیاک کو آرڈینیٹرپروفیسر بی ایچ نداف موجود تھے۔