نریندردابھولکر قتل معاملہ: سانگلی میں مزید دو افرادکی گرفتاریاں
ممبئی،24 ؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ڈاکٹرنریندر دابھولکر قتل معاملہ میں اے ٹی ایس نے 2اور ملزمان کو سانگلی ضلع سے گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے ایک ملزم سانگلی شہر کا اور دوسرا دیہی علاقہ کا بتایا جا رہا ہے۔ اے ٹی ایس کی جانب سے اس معاملہ میں بے حد رازداری برتی جا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سانگلی سے پکڑے گئے دونوں سناتن سنستھا کے بتائے جارہے ہیں ۔ اے ٹی ایس نے دابھولکر قتل میں ملزم شوٹروں کو پستول چلانے کی تربیت دینے والے ٹرینر راجیش بنگیرا کو گرفتار کیا ہے۔ بنگیرا نے گوری لنکیش قتل معاملہ، دابھولکر قتل معاملہ کے شوٹروں کو مرج کے پاس جنگلات میں پستول چلانے کی تربیت دی تھی۔ اس طرح کی معلومات اس معاملہ میں گرفتار سچن انڈورے و شرد کلسکر نے اے ٹی ایس کو دی ہے۔ جمعہ کے روز اے ٹی ایس کی تیم راجیش بنگیرا کو لے کر مرج کے پاس چکھلی کے جنگل میں لے کر گئے ہیں۔ یہاں ٹرینگ کی جگہ اور ایک ریسورٹ کی بھی جانچ کی جانے والی ہے۔ امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ اے ٹی ایس کی ٹیم کے ہاتھ آج بھی اہم سراغ ہاتھ لگ سکتے ہیں۔
اے ٹی ایس کے ذرائع نے بتایا کہ سناتن سنستھاکی جانب سے اس معاملہ میں متضاد بیان دینے والوں پر حملہ کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے اے ٹی ایس و سی بی آئی محتاط رہتے ہوئے پورے معاملہ کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔