بیٹے کی موت سے رنجیدہ باپ نے بھی دم توڑ دیا۔ دونوں کی آخری رسومات ایک ساتھ ادا ہوئیں
میسورو14؍فروری (ایس او نیوز) مضافاتی علاقے بیلواڈو میں اکلوتے بیٹے کی موت سے رنجیدہ باپ کی موت اور دونوں کی آخری رسومات بیک وقت اداکرنے کا ایک المناک واقعہ پیش آیا جس سے پورے علاقے میں غم او رافسوس کا ماحول پیداہوگیا۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق پُتّے گوڈا نامی شخص کی تین بیٹیاں اورایک بیٹا تھا۔ تینوں بیٹیوں کی شادیاں ہوچکی تھیں۔ پُتّے گوڈا(68سال) اپنے بیٹے بھئیرا (33سال) کی شادی کے لئے لڑکی ڈھونڈ ہی رہا تھا کہ بھئیرا کی طبیعت خراب ہوگئی۔ بعد میں تشخیص ہوئی کہ و ہ کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوگیا ہے۔ باپ نے بیٹے کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی مگر کوئی بھی علاج کارگر نہیں ہو اوربالآخر بھئیرا کی موت واقع ہوگئی۔ جب رشتے دار بھئیرا کی آخری رسومات کی تیاریاں کررہے تھے تو غم زدہ باپ پُتّے گوڈا کی طبیعت بھی بگڑ گئی۔ فوری طور پر اسے اسپتال لے جایا گیا،مگر بیٹے کی موت سے رنجیدہ باپ نے اسپتال میں آخری سانس لی۔ رشتے دار اور گاوں والوں نے دکھی دلوں کے ساتھ دونوں کی آخری رسومات اداکرتے ہوئے باپ اور بیٹے کی لاشوں کو بیک وقت چتا کی نذر کیا۔