شیوسینا ممبر اسمبلی تکارام کاتے پر تلوار سے حملہ، بال بال بچے
ممبئی ،13؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر میں ممبئی کے مضافاتی علاقے ما ن خرد میں شیوسینا ممبر اسمبلی تکارام کاتے پر جمعہ کی رات کچھ لوگوں نے حملہ کر دیا۔ ایک حملہ آور تلوار لہرا رہا تھا۔زون چھ کے پولیس ڈپٹی کمشنر شاہ جی امپ نے بتایا کہ کاتے حملے میں بچ گئے لیکن ان کا ایک حامی زخمی ہو گیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ انوشکتی نگرسے ممبر اسمبلی کاتے نوراتر کے ایک پروگرام میں حصہ لے کر اپنے حامیوں کے ساتھ واپس آ رہے تھے اسی وقت یہ حملہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے ممبران اسمبلی پر حملہ کیا لیکن ان کے حامیوں نے انہیں بچا لیا۔افسر نے بتایا کہ حملے میں رکن اسمبلی کا ایک حامی زخمی ہو گیا۔اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔امپ نے بتایا کہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ان کو پکڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور حملے میں استعمال کی گئی تلوار کو برآمد کر لیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 307 (قتل کی کوشش) کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔