زوردار بارش کے نتیجے میں مینگلور سے بنٹوال کو جوڑنے والا مُلار پٹنہ بریج ٹوٹ گیا؛ عوام نے ریت کی غیر قانونی کان کنی کو بتایا ذمہ دار
مینگلور 25/جون (ایس او نیوز) گذشتہ کئی دنوں سے جاری زوردار بارش کے نتیجے میں مینگلور تعلقہ کو بنٹوال سے جوڑنے والا ایک بریج آج پیر کو بالاخر ٹوٹ گیا جس کے ساتھ ہی دونوں علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ یہ پل مُلار پٹنہ میں فالگونی ندی پر سے گذرتا تھا۔
پُل کے ٹوٹنے سے بنٹوال سے مینگلور سمیت کُپےداوو، کائیکامبا، ایرویل، ایرپڈائو، گنجی مٹھ سورتکل وغیرہ علاقوں میں جانے کے لئے اب عوام کو کافی لمبی مسافت والے راستے کو استعمال کرنا پڑے گا۔
بریج نیچے گرنے پر ناراض مقامی عوام نے اس بات کا الزام لگایا ہے کہ یہ بریج ریت کی کان کنی کرنے کی وجہ سے گرا ہے۔ان کے مطابق انہوں نے کئی بار تعلقہ اور ضلعی انتظامیہ کو بریج کے نیچے غیر قانونی طور پر ریت نکالے جانے کی خبر دی تھی اور اسے روکنے کا مطالبہ کیا تھا، مگر انتظامیہ نے اس تعلق سے کئی قدم نہیں اُٹھایا۔ عوام کے مطابق اس بریج کے نیچے گرنے کی اہم وجہ ریت کی نکاسی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولس جائے وقوع پر پہنچی اور متعلقہ علاقہ کا دورہ کیا، پھر بریج کے دونوں طرف بیری کیڈ نصب کرتے ہوئے راستے کو سواریوں کے لئے بند کردیا۔