ایم پی پرکاش کے فرزند ایم پی رویندرا کی موت
بنگلورو، 3؍نومبر (ایس او نیوز) ریاست کے ایک سینئر سیاستدان اور سابق وزیر آنجہانی ایم پی پرکاش کے فرزند ایم پی رویندرا آج اچانک چل بسے ۔49سالہ رویندرا کو شہر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھاجہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کے پسماندگان میں ان کی ماں ، بہن اور بیوی شامل ہیں۔ ریاست کے سیاسی میدان کے علاوہ کوآپریٹیو شعبے میں اپنی خدمات کا لوہا منوانے والے رویندرا اپنے والد ایم پی پرکاش کی موت کے بعد ریاستی اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے، تاہم ریاستی حکومت کی طرف سے حیدرآباد۔کرناٹک ترقیاتی منصوبے کے تحت اپنے ہرپن ہلی تعلق کو نظرانداز کردئے جانے کی شکایت کرتے ہوئے گزشتہ اسمبلی انتخاب کا انہوں نے سامنا نہیں کیاتھا۔ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی، سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا، نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور اور دیگر قائدین نے ایم پی رویندرا کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے افراد خانہ کو تسلی دی اور تعزیت ادا کی۔ ان کی آخری رسومات کل سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔