بالی: آتش فشاں سے راکھ نکلنے کا سلسلہ جاری

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 29th November 2017, 11:22 AM | عالمی خبریں |

جکارتہ،28/نومبر (ایجنسی)انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے ایک آتش فشاں پہاڑ سے راکھ نکلنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث جزیرے کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی پروازوں کے لیے بند ہے۔ہوائی اڈہ بند ہونے کے باعث ہزاروں غیر ملکی سیاح اور مسافر جزیرے پر پھنسے ہوئے ہیں جب کہ حکام نے ایک بار پھر آتش فشاں پہاڑ کے نزدیک آباد دیہاتیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوراً علاقے سے نکل جائیں۔بالی کے ماونٹ اگونگ سے اتوار کو راکھ نکلنا شروع ہوئی تھی اور اس وقت پہاڑ کی چوٹی سے تین ہزار میٹر کی بلندی تک راکھ کے سفید اور سرمئی گہرے بادل دیکھے جاسکتے ہیں۔راکھ اگلنے کے ساتھ ساتھ پہاڑ کے اندر لاوا بھی ابل رہا ہے جس کی گڑگڑاہٹ 12 کلومیٹر دور تک سنی جاسکتی ہے۔انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نبٹنے کے ادارے نے پیر کو آتش فشاں سے لاحق خطرے کو انتہائی حدتک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے اس کے ارد گرد 10 کلومیٹر کے علاقے کے لوگوں کو لازمی انخلا کا حکم دیا تھا۔حکام کے مطابق اس وارننگ سے آتش فشاں کے اردگرد آباد ایک لاکھ افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑے گا تاہم حکومت کے انتباہ کے باوجود علاقے میں اب بھی ہزاروں افراد اپنے گھروں میں موجود ہیں۔ماہرینِ ارضیات کا کہنا ہے کہ آتش فشاں کے پوری شدت سے پھٹنے اور لاوے کے پھیلنے کا بہت زیادہ امکان ہے جب کہ یہ خدشہ بھی ہے کہ یہ آتش فشاں کئی ہفتوں تک متحرک رہ سکتا ہے۔اگونگ کا آتش فشاں آخری بار 1963ء میں پھٹا تھا جس سے 1100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔جزیرے کے ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے منگل کو کہا ہے کہ مسافروں اور پروازوں کی حفاظت کے پیشِ نظر ہوائی اڈہ مزید 24 گھنٹے کے لیے بند رہے گا۔آتش فشاں کی راکھ جہازوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اور حکام کے مطابق اس وقت پہاڑ سے نکلنے والی راکھ جنوب اور جنوب مغرب کی جانب ہوائی اڈے کی طرف بڑھ رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ آتش فشاں کی راکھ فضا میں 30 ہزار فٹ کی بلندی تک موجود ہے اور اس نے بیشتر جزیرے کی فضا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث پروازوں کی آمد و رفت انتہائی خطرناک ہوسکتی ہے۔بالی کا جزیرہ اپنی ہندو ثقافت، خوب صورت ساحلوں اور گھنے جنگلات کے باعث سیاحوں میں بہت مقبول ہے اور ہر سال 50 لاکھ سیاح دنیا بھر سے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ سیاحوں کی آمد و رفت کے باعث بالی کے ہوائی اڈے کا شمار انڈونیشیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے۔بالی کے ہوائی اڈے کی انتظامیہ کے مطابق منگل کو ایئرپورٹ کی بندش سے 440 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جس سے 60 ہزار کے لگ بھگ مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق پیر کو بھی اتنی ہی پروازیں منسوخ ہوئی تھیں جن سے تقریباً اتنے ہی مسافر متاثر ہوئے تھے۔انڈونیشیا میں زمینی ٹرانسپورٹ کے محکمے کے مطابق بالی کے ہوائی اڈے پر پھنسے مسافروں کو فیری کے اڈوں تک لے جانے کے لیے بسیں مہیا کردی گئی ہیں۔حکام نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فیری کے ذریعے نزدیکی جزیرے جاوا تک جائیں جہاں سے وہ بذریعہ سڑک نزدیکی ہوائی اڈوں تک سفر کرسکتے ہیں۔انڈونیشیا جس علاقے میں واقع ہے اسے ماہرینِ ارضیات آتش فشاں پہاڑوں کی بڑی تعداد کے باعث 'رنگ آف فائر' یعنی 'آگ کا دائرہ' قرار دیتے ہیں۔ انڈونیشیا کے مختلف جزائر اور زیرِ سمندر اس وقت بھی 120 متحرک آتش فشاں موجود ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ماسکو کنسرٹ ہال حملے میں 143ہلاکتیں

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کنسرٹ ہال پر جمعہ کو ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 143 ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ کمیٹی نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ماسکو اوبلاست میں کروکس سٹی ہال، دہشت گردانہ حملے کی جگہ ...

80 ہزار افراد نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی

قابض اسرائیلی فوجوں  کی سختی کے باوجود رواں  سال رمضان کے پہلے جمعہ کو ۸۰؍ ہزار مسلمانوں   نے بیت المقدس میں  پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔ قدس نیوز نیٹورک نے جو ویڈیوشیئرکئے ہیں  میں  دیکھا جاسکتاہے کہ جوق در جوق مغربی کنارہ، راملہ اور دیگر علاقوں  سے فلسطینی شہری پیدل اور بسوں ...

شہریت ترمیمی قانون پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش ظاہر کردی

امریکہ اور نے ہندوستان کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر عدم تحفظات کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں شہریت کے متنازعہ ترمیمی قانون کے نفاذ پر تشویش ہے۔ ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے سبب جان گنوانے والے فلسطینیوں کی تعداد 31272 ہوئی

غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 31272 ہو گئی ہے۔ غزہ میں قائم وزارت صحت نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 فلسطینیوں کو قتل اور 135 دیگر کو زخمی کیا، جس سے گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس ...

غزہ میں امداد کیلئے قطار میں منتظر افراد کو پھر نشانہ بنایا گیا، 11 شہید

  انسانیت کی تمام حدوں  کو پار کرتے ہوئے اسرائیلی فوجوں  نے بدھ کو پھر بھکمری کے شکار ان پریشان حال لوگوں  کو نشانہ بنایا جو اپنے بچوں  کی پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے امداد حاصل کرنے کے مقصد سے قطار میں  لگے ہوئے تھے۔ بدھ کے اس حملے میں  ۱۱؍ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ...

انڈونیشیا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے سے تباہی، 19 افراد ہلاک ،متعدد زخمی

انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں مسلسل بارش نے سیلاب اور چٹان کھسکنے سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔ اس دوران 5سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے12 لاشیں نکالی گئیں اور 7افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ5 افراد اب تک ...