ممتا کے ہاتھوں جواں سال لخت جگر کے قتل کا معاملہ ، مجھے پولیس اور قانون پر پورا بھروسہ ہے: رمیش یادو
ایٹہ/اتر پردیش،23؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مبینہ ’مشتبہ حالات‘ میں اپنے بیٹے کو کھونے والے اترپردیش قانون ساز کونسل کے چیئرمین رمیش یادو نے پولیس اور قانون پر پورا بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کے بیٹے کو انصاف ضرورملے گا۔
یادو نے میڈیا سے کہا کہ انہیں قانون پر پورا بھروسہ ہے۔جو بھی مجرم ہو گا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ یادوکے 22 سالہ بیٹے ابھیجیت کا گذشتہ اتوار کو لکھنؤ واقع ان کی سرکاری رہائش پر مشتبہ حالات میں موت ہو گئی تھی۔ اس معاملہ میں ابھیجیت کی ماں’ میرا‘ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق میرا نے اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ اس نے ہی اپنے بیٹے کاقتل کیاہے؛ لیکن بعد میں وہ اپنے بیان سے منحرف بھی ہو گئی تھی۔ میرا کے بار بار بیان تبدیل کرنے کے تناظر میں رمیش یادو نے کہا کہ پولیس پورے معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔تفتیش کے بعد حقیقت از خود واضح ہو جائے گی ،جو بھی مجرم ہوگا، اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور ابھیجیت کو انصاف ملے گا۔ یادو نے کہا کہ ان کے خاندان میں کوئی بڑا تنازعہ نہیں تھا۔