اُڈپی میں بیٹے کو بچانے کی کوشش میں ماں بھی ڈوب گئی؛ دونوں ہلاک
اُڈپی 25/ اپریل (ایس او نیوز) یہاں ایک پانی کے بڑے گڈھے میں بیٹے کے گرنے کے بعد اُس بچانے کی کوشش میں ماں بھی ڈوب کر ہلاک ہوگئی، واردات اُڈپی کے علیوور کے دُرگا نگر میں منگل کی صبح پیش آئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دیا موّوا عرف نیلوّوا نامی 22 سالہ خاتون اپنے بیٹے کو ساتھ لے کر جمع شدہ پانی کے ایک بڑے گڈھے کے کنارے بیٹھ کر کپڑے دھورہی تھی کہ اس کا چھ سالہ لڑکا ہنومنتپّا باہر کھیلتے کھیلتے اچانک گڈھے میں گرگیا، بیٹے کو بچانے کے لئے ماں نے گڈھے میں چھلانگ لگائی، مگر وہ بھی گڈھے میں ہی ڈوب گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور گڈھے میں دونوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی مگر اُس سے کوئی استفادہ نہیں ہوا تو بندرکٹے کے رہنے والے تیراکی میں ماہر نتیش، پربھاکر اوراشوک شٹی نامی نوجوانوں نے گڈھے میں کود کر دونوں کی لاشوں کو باہر نکالا۔
بتایا گیا ہے کہ ضلع باگلکوٹ کے ہوناگندا تعلقہ کے رہنے والے یمنپّا، اس کی بیوی اور بچہ گذشتہ بیس سالوں سے اُڈپی میں ہی رہائش پذیر تھے، ذرائع نے بتایا کہ یہ لوگ کسی تہوار میں اپنے گائوں جاکر کل پیر کو ہی واپس لوٹے تھے، اور آج اس طرح کا حادثہ رونما ہوا۔