موڈبیدری میں بھائی کے ڈانٹنے پر جذباتی لڑکی نے کی خودکشی
موڈبیدری27؍جولائی (ایس او نیوز)کیلا پُتّیگے نامی مقام پر ایک لڑکی نے اس وجہ سے پھانسی لگاکر خود کشی کرلی کیونکہ اس کے بھائی نے اخلاقی حدود میں رہنے کی تاکید کرتے ہوئے ڈانٹ سنائی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ اپنے ہی ڈوپٹے سے پھانسی لگاکر جان دینے والی لڑکی کا نام سیما(24سال) ہے جو اپنے بھائی او ربھابی کے ساتھ رہا کرتی تھی۔ کچھ دن پہلے ایک بس ڈرائیور نے سیما کو موبائل فون تحفے میں دیا تھا۔ اس کے بھائی سنتوش کوجب بات کا پتہ چلا تو اس نے ڈرائیور کو آڑے ہاتھوں لیا اور آئندہ اپنی بہن سے کسی بھی قسم کا تعلق نہ رکھنے کی تاکید کی۔ ڈرائیور نے فون کے ذریعے یہ باتیں سیما کو پہنچائیں اور خود سے ترک تعلقات کرنے کوکہا۔
دوسرے دن جب سنتوش معمول کے مطابق اپنے کام پر چلا گیا اور بھابی بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لئے گئی تو سیما نے گھر میں ہی پھانسی لگالی، جس کا پتہ سنتوش کی بیوی کے واپس گھر لوٹنے پر چلا۔پولیس نے غیر فطری موت کا کیس درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔