ریاست کرناٹک میں خلیج بنگال کے طوفان کا اثر ، مزید ایک ہفتہ بارش برقرار رہنے کا خدشہ
بنگلورو،21؍ستمبر(ایس او نیوز) محکمۂ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ خلیج بنگال میں اٹھنے والے طوفان کے نتیجے میں ریاست کے داخلی ،شمالی ، ساحلی اور ملناڈ علاقوں میں اگلے دو تین دنوں کے دوران زور دار بارش ہوسکتی ہے۔
ریاستی محکمۂ آفات سماوی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جی ایس سرینواس ریڈی نے کہاہے کہ ریاست بھر میں ابر آلود موسم مزید ایک ہفتے تک برقرار رہے گا ریاست کے جنوبی اور اندرونی علاقوں میں معمول کے مطابق اور اس سے کچھ زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ دوسری طرف کل داونگیرے ، ہاویری اور دیگر مقامات پر اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔آنے والے ایک ہفتے کے دوران ریاست کے بیشتر حصوں میں یہی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ خلیج بنگال میں اٹھنے والے طوفان کی زد میں آندھرا پردیش اور اڑیسہ کے حصے آئیے ہیں اس کا اثر ریاست کے شمالی اور ساحلی علاقوں پر پڑنے کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔زور دار بارش کے خدشات کو دیکھتے ہوئے محکمۂ موسمیات نے ساحلی علاقوں کے مچھیروں سے کہا ہے کہ وہ سمندر کا رخ کرنے سے گریز کریں۔