میری نجی زندگی کو کلکس کیلئے بیچنا بند کریں:مومنہ مستحسن
اسلام آباد،22؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی نوجوان گلوکارہ مومنہ مستحسن نے اپنی منگنی ٹوٹنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر کہا ہے کہ ان کی نجی زندگی میں مداخلت کر کے شہرت نہ کمائی جائے۔مومنہ مستحسن نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ بھی کسی عام انسان کی طرح یہ حق رکھتی ہیں کہ ان کی نجی زندگی صرف ان تک محدود رہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے نجی معاملات کو مذاق اور تفریح کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی منگنی ٹوٹ جانے کی خبر گردش کر رہی تھی۔مومنہ نے کہا کہ کوئی بھی خبر وہ خود سنا دیں گی لیکن اندازوں پر مبنی خبریں نہ چلائی جائیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ چاہیں گی کہ افواہوں پر مبنی ایسے تمام احمقانہ آرٹیکلز ہٹا لیے جائیں اور ان کی نجی زندگی کو کلکس کے لیے نہ بیچا جائے۔24سالہ مومنہ نے ویسے تو انجینئرنگ اور ریاضی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے مگر کوک اسٹوڈیو کے حالیہ سیزن نے انھیں راتوں رات مشہور کر دیا ہے۔یاد رہے کہ نومبر میں بی بی سی اردو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مومنہ نے میڈیا سے کسی حد تک نالاں رہنے کے بارے میں کہا تھا کہ یہ سب شہرت کا حصہ ہے۔ جہاں اتنے لوگ آپ کو سراہتے ہیں وہی بعض ہراساں کرنے سے باز نہیں آتے۔ان کے بقول بالی وڈ کے لیے گائیکی کرنے کے باوجود یہی وہ ڈر تھا جس نے مومنہ کو کئی برس تک کیمرے کے سامنے آنے سے روکے رکھا۔