رندیپ سنگھ سرجے والا نے مودی حکومت پر کیا تیکھا وار، کہا ، مرکزی حکومت بلاری کے لٹیروں کو بچانے میں سرگرم

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 25th April 2018, 3:55 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،24؍اپریل(ایس او نیوز) اے آئی سی سی کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے الزام لگایا ہے کہ مرکز کی مودی حکومت نے کرناٹک میں دن دھاڑے خام لوہے کی لوٹ مچانے والے بلاری مافیا کو بچانے کے لئے سی بی آئی کا غلط استعمال کیا ہے

ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ  لوک آیوکتہ جسٹس سنتوش ہیگڈے نے 27 جولائی 2011کو پیش کی گئی  رپورٹ میں یڈیورپا اور ریڈی برادران کی ٹولی کے ناپاک گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا تھا۔ ریاست کے کاروار اور نیو منگلور پورٹ ٹرسٹ کے علاوہ گوا کے پنجم ، مرما گوا ، تملناڈو کے اننور ، چنئی ، آندھرا پردیش کے کرشنا پٹنم ، وشاکھاپٹنم اور کاکی ناڈا سے 35ہزار کروڑ روپے مالیت کے خام لوہے کے ایکسپورٹ کی رقم لوٹے جانے کے خلاف 18؍ نومبر 2013 کو سدرامیا حکومت نے معاملہ سی بی آئی کے سپرد کیا تھا، لیکن 13جون 2017 کو سی بی آئی نے ان تمام مقدمات کو بند کرنے کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے حکومت کرناٹک کو مکتوب روانہ کیا ہے۔

اسی طرح مرحلہ وار تمام مقدمے بند کردئے گئے ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ بلاری کے ریڈی برادران اور یڈیورپا کی مبینہ دھاندلیوں پر پردہ پوشی کررہے ہیں۔ کانگریس حکومت نے ریاست میں قدرتی وسائل کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے،بلکہ وہ اس موقف پر قائم ہے کہ آئندہ بھی وہ اس کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔سرجے والا نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ عوامی رقم کی کھلے عام لوٹ مچانے والوں کو بی جے پی نے دوبارہ بلاری کے مختلف حلقوں سے ٹکٹ کیوں دئے ہیں۔ سرجے والانے کہاکہ یڈیورپا کو عہدۂ وزیراعلیٰ کا دعویدار قرار دئے جانے کے 165 دن بعد کیوں انہیں ان کے خلاف سی بی آئی کا مقدمہ بند کیاگیا۔ سرجے والا نے کہاکہ وزیر اعظم مودی اور امت شاہ نے لٹیروں کو ریاست کا اقتدار سونپنے کا اعلان کرکے انصاف کے تقاضوں کا مذاق اڑایا ہے۔ غیر قانونی گھپلے کا وہ حصہ جو تملناڈو سے جڑا ہوا تھا اس کی جانچ کرنے حکومت تملناڈو کی منظوری کے باوجود سی بی آئی نے بغیر جانچ کے یہ معاملات کیوں بند کردئے؟۔ مسٹر سرجے والا نے بتایاکہ بی جے پی نے ریڈی برادران میں شامل دو بھائیوں کرونا کر ریڈی ، سوم شیکھر ریڈی ، ان کے معاون بی سری راملو ، کو دو حلقوں سے للیش ریڈی، ٹی ایچ سریش بابو ، سننا فقیرپا اور سائی کمار کو ٹکٹ دیاہے۔ مسٹر سرجے والا نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے ریاست کے لٹیروں کو اس طرح کھلے عام پناہ دے کر یہ ثبوت پیش کیا جارہاہے کہ یہ حکومت لٹیروں کا ساتھ دیتی ہے، ریاستی عوام کو سمجھ لینا چاہئے کہ بلاری کے لٹیروں کی مدد سے ریاست میں اگر بی جے پی اقتدار پر آتی ہے تو اگلے پانچ سال کے دوران کرناٹک کا حشر کیا ہوگا۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔