مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام : پرتھوی راج چوہان

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 10th June 2017, 11:13 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،9؍جون(ایس او نیوز) پچھلے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وفا نہیں ہوا۔ مرکز کی این ڈی اے حکومت پچھلے تین سال کے دوران تمام محاذوں پر ناکام رہی ہے۔یہ بات آج سابق مرکزی وزیر اور مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہی۔ کے پی سی سی دفتر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زراعت ، صنعت سمیت تمام شعبوں میں رجحانات منفی سمت میں جارہی ہیں۔ صرف مہاراشٹرا میں زرعی شعبے کی تباہی کے نتیجہ میں 3300 کسان خود کشی کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ کرناٹک میں بھی صورتحال اس سے کچھ مختلف نہیں ۔وزیر اعظم مودی نے اقتدار سنبھالنے سے پہلے ’’ چائے پہ چرچا‘‘ پروگراموں اور عوامی جلسوں میں کسانوں کے قرضوں کی معافی اور کم از کم تائیدی قیمت کے تعین کے وعدے کئے تھے۔ لیکن اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ میں یہ حلف نامہ دائر کیا کہ حکومت ایسا کوئی بھی قدم نہیں اٹھائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ زرعی شعبے کی ترقی پوری طرح مفلوج ہوچکی ہے، ایسے میں کسانوں کا منافع دوگنا ہونے کا دعویٰ کہاں تک سچ ہوسکتا ہے۔ نوٹ بندی کے ذریعہ ملک میں رفتار ترقی سست ہوچکی ہے۔ اس کی تنبیہہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے پہلے ہی کردی تھی، لیکن ان کی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔اب ملک میں جی ڈی پی کی شرح خطرناک حدود کو پار کرچکی ہے۔ نوٹ بندی سے ملک کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔حکومت نے آج تک یہ بات منظر عام پر نہیں لائی ہے کہ کتنے پرانے نوٹ بینکوں میں جمع ہوئے اور حکومت نے کتنا کالا دھن باہر نکالا۔ ریزرو بینک نے ہزار اور پانچ سو روپیوں کے جتنے نوٹ چھاپے تھے وہ سارے کے سارے اگر بینکوں میں جمع ہوگئے تھے تو پھر کالا دھن کہا ں گیا۔ انہوں نے کہاکہ جب سے مودی حکومت اقتدار پر آئی ہے ہند پاک سرحد پر مسلسل کشیدگی برقرار ہے، لیکن وزیراعظم مودی انتہائی بے شرمی کے ساتھ پاکستانی وزیر اعظم کے گھر شادی میں شرکت کیلئے پہنچ جاتے ہیں اور ساتھ ہی نواز شریف کو اگر ہلکا بخار بھی ہوجائے تو ان کی مزاج پرسی کرتے ہیں۔ مرکزی حکومت نے جو خارجہ پالیسی اپنائی ہے وہ ملک کے مفادات کیلئے نقصان دہ ہے۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ باہمی اعتماد کو بڑھانا ضروری ہے، لیکن مرکزی حکومت نے اس میں پوری طرح ناکامی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہاں تک کہ پڑوسی ممالک نے بھی ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر اپنی بے اطمینانی کا اظہار کیا۔ سہاراانڈیا کمپنی سے رشوت لینے ، پناما گھپلہ، نوٹ بندی کے گھپلے وغیرہ پر مودی کی بولتی بند ہوجاتی ہے۔ ملک میں مودی صرف مٹھی بھر صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے بینکوں کو دیوالیہ پن کے دہانے پر لے آئے ہیں۔ ملک میں اقلیتیں خوف اور دہشت کے ماحول میں سانس لے رہی ہیں۔ ان پر حملہ روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔اب تو میڈیا پر بھی کھلے عام حملے ہورہے ہیں۔سرکاری ایجنسیوں کے استعمال سے ان کے گلے گھونٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ملک میں غیر معلنہ ایمر جنسی نافذ ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔