مودی نے ملک کے غریبوں کیلئے کچھ نہیں کیا: سدرامیا

Source: S.O. News Service | By Jafar Sadique Nooruddin | Published on 26th July 2017, 1:06 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو:25/ جولائی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم نریندر مودی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے تین سال کے دوران مودی نے اپنی بڑھائی کے علاوہ ملک کے عوام بالخصوص غریبوں کیلئے کوئی سہولت فراہم نہیں کی ہے، پھر بھی یہ ڈھنڈورا پیٹا جارہا ہے کہ مودی نے ملک کیلئے کیا کچھ نہیں کیا؟۔ مودی اور ان کے ہمنواؤں کا جھوٹ عوام پر کھل چکا ہے۔ آج شہر کے سروگنا نگر اسمبلی حلقہ میں آنے والے کمنہلی علاقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد اور فلاحی اسکیموں کے تحت سہولیات کی تقسیم کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے بڑے جوش وخروش کے ساتھ پردھان منتری جن دھن اسکیم کا اعلان کیا، لیکن اس اسکیم سے لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اقتدار سنبھالنے سے قبل مودی نے ملک کے عوام سے وعدہ کیا تھاکہ بیرون ملکی بینکوں میں چھپایا گیا کالا دھن ملک واپس لایا جائے گا اور ملک کے ہر شہری کے بینک کھاتے میں پندرہ لاکھ روپے جمع کئے جائیں گے۔پندرہ لاکھ روپے تو دور کی بات پندرہ پیسے بھی کسی ایک کے بینک کھاتے میں جمع نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ مودی ہمیشہ اپنے منہ میاں میٹھو بنتے رہتے ہیں۔ جس وقت اٹل بہاری واجپائی وزیراعظم تھے، تب انڈیا شائننگ کا نعرہ لگایا گیا، اب مودی نے عوام سے یہ وعدہ کیاتھاکہ اچھے دن آنے والے ہیں۔ اچھے دن صرف اور صرف مودی کے آئے اور عوام کیلئے بدترین دور کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مودی نے صرف اپنی مارکیٹنگ کے ذریعہ ملک کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے چار سال کے دوران ریاست میں کانگریس حکومت نے ترقی کیلئے اتنے سارے منصوبے بنائے ہیں جو پچھلی کسی بھی حکومت نے نہیں بنائے تھے، ریاست کے ساڑھے چھ کروڑ عوام کو ہر طرح کی سہولیت مہیا کرانے کیلئے یہ حکومت ہمہ وقت کوشاں رہی ہے۔ ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اپنے دور حکومت میں یڈیورپا نے اقلیتوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ دلت طبقات پر مظالم ڈھائے، آج سیاسی فائدہ کیلئے دلتوں کے گھر میں کھانا کھانے کا ناٹک کیا جارہاہے۔ اس موقع پر وزیر برائے ترقیات بنگلو ر کے جے جارج نے بتایاکہ شہر بنگلور کی ترقی کیلئے پہلی بار وزیراعلیٰ سدرامیانے ساڑھے سات ہزار کروڑ روپیوں کی رقم بی بی ایم پی کو فراہم کی ہے۔ اس سے پہلے کسی وزیر اعلیٰ نے بی بی ایم پی کو اتنی خطیر رقم جاری نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کا یہ وطیرہ بن چکا ہے کہ جو بھی کام کررہی ہے اعلیٰ معیاری کررہی ہے، اسی لئے انہیں یقین ہے کہ آنے والے انتخابات میں ووٹرس سدرامیا کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو مشورہ دیا کہ ریاستی حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کریں اور تعمیری تنقید کریں۔ محض تنقید برائے تنقید سے گریز کریں۔ شہر کی میئر جی پدماوتی نے کہاکہ ریاست میں کانگریس حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد شہر بنگلور کی ترقی کیلئے ہمہ قسم کے منصوبے عملی جامہ پہن چکے ہیں۔ پچھلے ڈھائی سال کے دوران بنگلور کو ترقی سے ہمکنار کرنے کیلئے 7300کروڑ روپیوں کا گرانٹ استعمال کیا جاچکا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر مستحقین میں آٹو رکشا، سلائی مشینیں، معذرورین کیلئے الیکٹرانک آلات اور دیگر سہولتیں تقسیم کیں۔ اراکین اسمبلی بائرتی بسوراج، ایس ٹی سوم شیکھر، وغیرہ موجود تھے۔جنتادل (ایس) پر نکتہ چینی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنتادل (ایس) کاسیکولرزم ہمیشہ سے ایک ڈھونگ رہا ہے۔ سیکولرزم کا نام لے کر یہ پارٹی عوام کو گمراہ کرتی ہے اور اقتدار کی خاطر فرقہ پرستوں سے ہاتھ ملا لیتی ہے۔سدرامیا نے کہا کہ ریاست میں جنتادل (ایس) کا اقتدار پر آنا ممکن ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنتادل (ایس) نے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی تو اسے اس بات کی فکر ہے کہ مخلوط حکومت کے قیام میں کوئی کردار ادا کرسکے۔ اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو جنتادل (ایس) فرقہ پرستوں سے بھی ہاتھ ملالے یہ عین ممکن ہے، اسی لئے ریاستی عوام جنتادل (ایس) کی حمایت سے پہلے یہ سوچ لیں کہ یہ موقع پرست جماعت اقتدار کے لالچ میں سیکولرزم کا سودا بھی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے والی بی جے پی کا ساتھ دینے کیلئے جنتادل بے چین ہے، اگر جنتادل (ایس) کا ساتھ دیا گیا تو سمجھ لیجئے کہ آپ فرقہ پرستوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سروگنا نگر کے عوام سے اپیل کی کہ اگلے انتخابات میں وزیر ترقیات بنگلور کے جے جارج کو دوبارہ کامیاب بنائیں۔ 

ایک نظر اس پر بھی

کرناٹک کی کانگریس حکومت کا اہم قدم؛ ملازمتوں اورتعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے لیےمسلمانوں کو کیا او بی سی میں شا مل

کرناٹک کی کانگریس حکومت نے ریاست کے مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن دینے کے  مقصد سے  او بی سی  (یعنی دیگر پسماندہ طبقات) کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ اس تعلق سے  معلومات فراہم کرتے ہوئے  نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات (NCBC) نے بدھ کو کرناٹک حکومت کے اعداد و ...

بی جے پی مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے: وائی ایس شرمیلا ریڈی

کانگریس کی آندھرا پردیش یونٹ کی صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی نے منگل کو بی جے پی پر مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کو ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ بتاتے ہوئے انہوں نے ایسی پارٹی سے تعلق برقرار رکھنے پر وزیر اعلیٰ وائی ایس سے کہا کہ ۔ جگن موہن ریڈی اور ٹی ڈی پی ...

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...