کانگریس، تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دے گی:راہل گاندھی

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 4th December 2018, 1:17 PM | ملکی خبریں |

حیدرآباد۔4دسمبر(ایس او نیوز؍یواین آئی)کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے وعدہ کیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کے برسراقتدار آنے پر قبائلیوں کو ان کی آبادی کے لحاظ سے ریزرویشن فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ریاست کے تانڈور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی حکومت ، تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلانے کے لئے چلائی گئی تحریک میں سرگرمی سے رول اداکرنے والے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی بھی مساعی کرے گی۔ساتھ ہی ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو ہر ماہ تین ہزار روپئے بے روزگاری الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیا اور کہاکہ ان انتخابات میں بی ٹیم کو کانگریس شکست دے گی جبکہ2019کے انتخابات میں اے ٹیم بی جے پی کو شکست دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ چاہتے ہیں کہ مودی ہی ملک کے وزیراعظم کے طورپر برقرار رہیں جنہوں نے ہر لحاظ سے مودی کی حمایت کی تھی چاہے وہ نوٹ بندی ، صدرجمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات ، جی ایس ٹی ہی کیوں نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ چندرشیکھرراؤ نے انتخابی جلسوں میں مودی کی کبھی بھی مذمت نہیں کی ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ، مجلس کو بھی شکست دے گی کیونکہ مجلس ، کے سی آر کے ساتھ ہے ۔مجلس ، ٹی آرایس کے ہر قدم کی حمایت کر رہی ہے جس نے مہاراشٹرا میں اپنے امیدوار ٹہراتے ہوئے بی جے پی کی مدد کی تھی تاکہ کانگریس کو شکست دی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ مودی اور بی جے پی سے ملک کو خطرہ ہے جو ملک میں نفرت پھیلانے کا کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں کانگریس حکومت ہر منڈل میں ایک30بستروں والا اسپتال قائم کرے گی ، پانچ لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت پہنچائے گی ۔ 20 فیصد بجٹ تعلیم کے لئے الاٹ کیا جائے گا۔خاتون تاجروں کو کانگریس حکومت پانچ لاکھ روپئے تک کی رقم فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ چندرشیکھرراؤ نے عوام کی رقومات کو بڑے تاجروں کے حوالے کیا تاہم کانگریس حکومت تعلیمی اداروں اوراسپتالوں کے قیام کے لئے عوام کی رقومات صرف کرے گی۔ریاست میں سیلف ہیلپ گروپس کو مستحکم کیاجائے گا اور ایسے ہر گروپ کو ایک لاکھ روپئے دیئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضے یکمشت کانگریس حکومت معاف کرے گی ۔کسانوں کو ان کی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ کے چندرشیکھرراؤ نے امیر افراد کو فائدہ پہنچایا تاہم کانگریس کی حکومت غریبوں کے لئے کام کرے گی۔تلنگانہ کا خواب جو یہاں کے عوام نے دیکھا تھا اس خواب کو کے چندرشیکھرراؤ نے پورا نہیں کیا ۔یہاں کے عوام نے بہتر اور تابناک مستقبل کا خواب دیکھا تھا ۔مسٹر راؤ نے دلتوں کو فی کس تین ایکڑ اراضی دینے اورکسانوں کے قرضے معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا ان وعدوں پر مناسب طور پر عمل نہیں کیا گیا۔

ایک نظر اس پر بھی

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ...