راجستھان میں نابالغ دلت لڑکی کا اغوا اور عصمت دری
کوٹہ /راجستھان27نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) جھالاواڑ ضلع میں 12 سالہ ایک دلت لڑکی کو اپنے ایک پڑوسی کی طرف سے مبینہ طور پر اغوا اور عصمت دری کئے جانے کے معاملہ کا انکشاف ہوا ہے ۔ خان پور پولیس تھانے میں سریندر سنگھ نے آج بتایا کہ چھٹی جماعت کی طالبہ خان پور قصبے کے تیلی واڑہ محلہ کی رہائشی ہے۔ بچی جب کل اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی، تبھی وجے سنگھ (22) نے اس کااغوا کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے جرم کے ارتکاب کے بعد شہر سے فرار ہے ۔ پولس اہلکار نے کہا کہ بچے کے والدین مزدور ہیں وہ کام کرنے گئے تھے،اس وقت بچی گھر پر اکیلی تھی ، ملزم سالگرہ کی ایک تقریب میں شرکت کے بہانے جبراً اس کو موٹر سائیکل پر لے گیا ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ لڑکی نے اپنے والدین کو اپنی آپ بیتی سنائی جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ افسر نے بتایا کہ اس دوران متاثرہ اور اس کے والدین کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) لے جا رہی خان پور پولیس تھانے کی پولیس وین آج پلٹ گئی۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا متاثرہ کے باپ کے ہاتھ میں معمولی زخم ہے ۔ افسر نے بتایا کہ بچی کو طبی جانچ کے لئے جھالاواڑ ضلع ہیڈکوارٹر بھیجا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کو تعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت ملزم کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔ افسر نے بتایا کہ طبی جانچ کے بعد متاثرہ کا بیان مجسٹریٹ کے سامنے درج کیا جائے گا۔