بیلگام کے نپّانی نیشنل ہائی وے پر منی لاری اور جیپ کے درمیان بھیانک ٹکر؛ چار ہلاک؛ تین شدید زخمی
بیلگام25/جون (ایس او نیوز) چکّوڈی تعلقہ کے نپّانی میں ایک تیز رفتار منی لاری کے مخالف سمت سے آنے والی جیپ کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں جملہ چار لوگوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ پونے۔بنگلور نیشنل ہائی وے 4 پر آج پیر صبح پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب منی لاری کا ایک پہیہ پھٹ پڑا جس کے نتیجے میں لاری بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والی ایک جیپ سے تیز رفتاری کے ساتھ ٹکراگئی۔ حادثے میں جیپ پر سوار تین لوگوں کے ساتھ ساتھ منی لاری ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، جبکہ دیگر تین لوگوں کو شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ چھان بین جاری ہے۔