منگلورو میں تین نوجوانوں پرنقاب پوشوں کا حملہ ۔ ایک کی حالت نازک
منگلورو9؍اپریل (ایس او نیوز) مینگلور کے بینگرے فٹبال میدان کے قریب رات کے وقت تین نوجوانوں کاراستہ روک کر کچھ نامعلوم شرپسندوں نے تیز دھاروالے ہتھیاروں سے حملہ کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔ واقعے میں تینوں کو چوٹیں آئی ہیں مگر ان میں سے ایک کی حالت بے حد نازک بتائی گئی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق نامعلوم نقاب پوشوں کی گینگ نے جن تین نوجوانوں پر حملہ کیا ہے ان کی شناخت عنویز(۱۷سال)،سراج اور اعجاز کے طور پر کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہ تینوں دو بائک پر سوار رات کے وقت تنّیر باوی سے قصبہ بینگرے کی طرف جارہے تھے کہ اچانک دو بائک پر سوار چھ نقاب پوشوں نے ان کا راستہ روکا اور تینوں پر دھاردار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ سراج اور اعجاز زخمی ہونے کے بائوجود کسی نہ کسی طرح اُن کے چنگل سےنکل کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور آگے نکل کر اپنے دوستوں کو موبائل کے ذریعے واقعے کی جانکاری دی ، مگر عنویز اُن کے ہاتھ لگ گیا، جس کے نتیجے میں سے اُسے گہرے زخم آئے ہیں ، بتایا گیا ہے کہ وہ کافی دیر تک خون میں لت پت سڑک پر پڑا رہ گیا ، جسے بعد میں راہ چلتے لوگوں نے اسپتال پہنچایا، عنویز کی حالت بہت نازک بنی ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سراج اور اعجاز کے دوست احباب بھی موقع پر پہنچ گئے اور ان دونوں کو بھی اسپتال میں داخل کروایا ۔حملے کی وجوہات اور اس میں ملوث افراد کے تعلق سے ابھی کوئی واضح بات سامنے نہیں آئی ہے۔