سرکاری اسکیموں میں راست افادی منتقلی سے 90 ہزار کروڑ کی بچت: منوج سنہا
نئی دہلی10فروری ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مرکزی وزیر مواصلات منوج سنہا نے سرکاری اسکیموں میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ راست افادی منتقلی سے حکومت نے ایک سال میں 90 ہزار کروڑ روپے بچائے ہیں،اور اس میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔
سنہا یہاں سائنس بھون میں ایک رضاکار تنظیم کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سنہا نے کہا کہ سر کاری مدد اور فائدہ کو براہ راست فائدہ اٹھانے والوں کے اکاؤنٹ میں ڈالنے سے سال بھر میں 90 ہزار کروڑ روپے بچے ہیں۔
انہوں نے سوالات کے جواب میں کہا کہ حکومت بھارت نیٹ منصوبہ کے تحت دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری خدمات پہنچائے جانے کے بڑ ے منصوبہ پر کام کررہی ہے ۔ سی ایس سی کے ذریعے 115 طرح کی خدمات دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیدائش، وفات سر ٹیفکیٹ سے لے کر بینکاری وغیرہ کی سہولیات ان سینٹروں میں مل رہی ہیں۔ پروگرام میں پالیسی کمیشن کے رکن اور وزیر اعظم کی اقتصادی مشیر کونسل کے سربراہ سمیت کئی نامور اشخاص موجود تھے ۔