منگلورو پولیس کمشنریٹ کی حدود میں امتناعی احکامات کی 8 اگست تک توسیع
منگلورو3؍اگست (ایس او نیوز) منگلورو پولیس کمشنر اورضلع مجسٹریٹ کے اعلان کے مطابق منگلورو پولیس کمشنریٹ کی شہری حدود میں ناخوشگوار واقعات کی روک تھام اور امن و امان بحال رکھنے کی غرض سے امتناعی احکامات کو اب 8اگست تک توسیع دی گئی ہے۔ جس کے دوران کسی قسم کے تیز دھار والے ہتھیار، بندوق، دھماکہ خیز اشیاء، اینٹ ، پتھر، ڈنڈے اور لاٹھیاں ہاتھ میں لے کر عوامی جگہوں پر باہر نکلنا ممنوع رہے گا۔
اسی طرح امتناعی احکامات کے دوران کسی شخصیت یا لاش کا جلوس نکالنا، تہذیب واخلاق کے خلاف کوئی عمل انجام دینا،ریاست کے امن و امان کو نقصان پہنچانایا کسی کو تشدد پر اکسانے والی تقاریر کرنا، اشتعال انگیز نعرے بازی کرنا، تصویریروں یا دوسری علامتوں کی نمائش کے ذریعے نقض امن کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرنا، پوسٹرس اور ہینڈبل تیار کرنااور اسے تقسیم کرنا سب خلافِ قانون ہوگا۔