منگلورو سڑک حادثے میں منڈیا کا ایک ٹیچر ہلاک
منگلورو 16؍اکتوبر(ایس او نیوز)نانتھور جنکشن پرسڑک حادثے میں منڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک ٹیچرکی موت واقع ہوگئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے سڑک پر پیدل جا رہے ششی دھر (۴۴سال) کو ٹکر ماری جس کی وجہ سے اس کی سر پر گہری چوٹیں آئیں جس کے بعد علاج کے لئے اسے اسپتال منتقل کیاگیا مگر علاج کارگر نہ ہونے سے ششی دھر نے اسپتال میں دم توڑدیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق منڈیا سے تقریباً 40اساتذہ کا ایک گروپ عظیم پریم جی فاونڈیشن کی طرف سے منعقدہ ورکشاپ میں حصہ لینے کے لئے منگلوروآیا ہواتھا جس میں ششی دھر بھی شامل تھا۔ رات کا کھاناکھانے کے بعد چہل قدمی کے لئے ششی دھر اپنے دیگر دوستوں کے ساتھ سڑک کنارے چل رہا تھا۔کراولی ہوٹل کے پاس دوسری بائک کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں ایک بائک سوار نے ششی دھر کو اتنی زور سے ٹکر ماری کہ وہ اچھل کر دور جاگرا جس سے اس کے سر پر گہری چوٹیں آئیں۔اور انہی زخموں کی وجہ سے وہ فوت ہوگیا۔حادثے اور ششی دھر کی موت کا سبب بننے والے موٹر بائک سوارمیروین جئیکر کے خلاف منگلورو (ایسٹ) ٹریفک پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔