منگلورو:کھلے گٹر میں گرنے سے ایک شخص کی موت۔ایم ایل اے باوا نے ٹھیکیدارکو آڑے ہاتھوں لیا
منگلورو 11؍فروری ( ایس او نیوز)کاٹی پلّا کے کرشناپورا کے علاقے میں گٹر کے تعمیری کام میں ٹھیکیدارکی طرف سے غفلت برتنے اور اس کا دہانہ کھلا چھوڑنے کی وجہ سے ایک شخص اپنی جان گنوا بیٹھا۔
رات کے وقت سڑک سے گزرتے ہوئے گٹر کے کھلے دہانے سے گرنے کی وجہ سے ہلاک ہونے والے شخص کانام موہن (35سال) بتایا گیا ہے۔ موہن کو شدید چوٹیں آنے کے بعد ایک مقامی اسپتال میں داخل کیاگیا تھا مگر علاج کارگر نہ ہونے سے اس نے دم توڑ دیا۔حادثے کی اطلاع ملنے پر ایم ایل اے محی الدین باوا نے اسپتال پہنچ کرموہن کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ مقامی لوگوں نے ٹھیکیدار کی غفلت کو اس حادثے کا سبب بتایا تو ایم ایل اے نے فون کرکے ٹھیکیدار کو اسپتال میں طلب کیا اور اس کو آڑے ہاتھوں لیا۔سورتکل پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔